ملتان ٹیسٹ؛ بولرز کی محنت پر بلے بازوں نے پانی پھیر دیا، پاکستان 202 رنز پر آؤٹ
ایشیا اردو
ملتان ٹیسٹ میں پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 202 رنز ہی بناسکی اور اب انگلینڈ 79 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔
میچ کے پہلے روز انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 281 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان نے کھیل ختم ہونے تک 2وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے تھے۔
میچ کے دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو بابر اعظم 61 اور سعود شکیل 32 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ تھے۔
اسی دوران سعود شکیل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی
142 رنز پر بابر اعظم آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 75 رنز کی اننگز کھیلی اور رابنسن کا شکار ہوئے۔
بابر کے بعد سعود شکیل کا ساتھ دینے محمد رضوان میدان میں اترے۔ 158 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ سعود شکیل کی صورت میں گری۔ انہوں نے 63 رنز بنائے۔
165 رنز پر رضوان آؤٹ ہوگئے۔ انتہائی سست بیٹنگ کے باوجود رضوان کچھ نہ کرسکے، انہوں نے 43 گیندوں پر 10 رنز بنائے۔
165 رنز پر ہی محمد نواز چلتے بنے، 169 رنز بھی آغا سلمان اور محمد علی کی صورت میں 2 وکٹیں گریں۔
179 رنز پرپاکستان کی نویں وکٹ گری، 202 پر انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی پہلی اننگز کا خاتمہ ہوگیا۔
Leave A Comment