ایشیا اردو

زنک گندم کی کاشت کو فروغ دینے اور محکمہ زراعت توسیع کے افسران کی استعدادکار میں اضافہ کیلئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپ محکمہ زراعت اور این جی اوز (لودھراں پائلٹ پراجیکٹ، گین اور ہارویسٹ پلس) کے تعاون سے منعقد ہوئی۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ڈاکٹر فیصل ظہور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ڈاکٹر فیصل ظہور نے کہا کہ پاکستان میں 68 فیصد آبادی جبکہ پوری دنیا میں ایک تہائی افراد اجزائے صغیرہ کی کمی کا شکار ہیں۔ گندم ہماری روزمرہ خوراک کا سب سے اہم جزو ہے جس سے ہم زیادہ تر اپنی غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں۔ گندم کی جدید اور بہتر غذائی صلاحیت والی اقسام متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ روزمرہ کی خوراک میں زنک، بوران اور آئرن سمیت دیگر اجزا کی کمی کو دور کیا جاسکے۔ گندم کی یہ اقسام نہ صرف بیماریوں کیخلاف قوت مدافعت رکھتی ہیں بلکہ زیادہ پیداوار ی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔ موجودہ حکومت خوردنی اجناس میں غذائی اجزاء کی کمی کو دور کرنے اور ملکی سطح پر فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ کاشتکاروں کوگندم کی ایسی اقسام کی کاشت بارے ترغیب دی جائے جن میں زنک، آئرن اور بوران جیسے اہم غذائی اجزا وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی بنیادوں پر ان اقسام کی کاشت کو فروغ دیکر ہی ہم ملکی سطح پر غذائی کمی کو دورکرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت میگا منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جس کے ذریعے نہ صرف فصلات کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ غذائی عناصر کی کمی دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ زرعی سائنسدانوں کی جانب سے تیار کردہ گندم کی اقسام میں مختلف بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت اور زنک و آئرن کی بہتر مقدار پائی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں گندم کی فصل سب سے زیادہ رقبہ پر کاشت ہوتی ہے۔ یہ فصل کاشتکاروں کے معاشی استحکام کا باعث بھی بنتی ہے۔ گندم کی فصل کو مزید منافع بخش بنانے کے لئے اس کی فی ایکڑ پیداوارمیں مزید اضافہ نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے کھادوں کے متوازن و متناسب استعمال بارے رہنمائی کریں۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے فرٹیلائزر کنٹرولرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یوریا کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور زیادہ قیمت پر فروخت کرنے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں اور ان کیخلا ف مقدمات درج کرائے جائیں۔ ورکشاپ میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس جنوبی پنجاب امتیاز احمد وڑائچ، ڈپٹی سیکرٹریز جنوبی پنجاب ڈاکٹر محمد اقبال، ڈاکٹر حیدر کرار سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار