پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز  راجہ کا کہنا ہے کہ چیمپئنز  ٹرافی کی شکل میں بریک تھرو ملا ہے، ہم انفرادی طور  پر  اس کی میزبانی کریں گے۔
رمیز  راجہ نے آن لائن پریس کانفرنس کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملنے سے متعلق گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کیلئے بہت کام کرنا ہے، پچز  بہتر کرنی ہیں، گراؤنڈز بہتر کرنے ہیں، میرے آنے یا جانے سے فرق نہیں پڑنا چاہیے، یہ بڑا ایونٹ ہے، بطور بورڈ کام کرنا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں اب کسی کی دستبرداری کا خدشہ نہیں ہے، آئی سی سی میں اس پر کافی بحث ہوئی اور  پھر ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ ہوا۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ایشیا کپ بھی پاکستان میں ہونا ہے، پچھلے آٹھ سال سے جو چھوٹے چھوٹے قدم لے رہے تھے یہ سب اس کا نتیجہ ہے، آئی سی سی میں کیس رکھنا آسان نہیں تھا، جو رائے بنی ہوئی تھی اس کو تبدیل کرنا مشکل تھا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی دستبرداری کے بعد تھوڑی مشکل ہوئی تھی مگر ہم نے خود کو منوایا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کو اس بڑے ایونٹ کی میزبانی صرف پی ایس ایل کی وجہ سے نہیں ملی، اس میں بہت سے لوگوں کا کردار ہے، ہم ان چند ملکوں میں سے ہیں جو اکیلے ٹورنامنٹ کروا رہے ہیں، بڑے ٹورنامنٹ کروانے ہیں تو ٹیم کو بھی اچھا پرفارم کرنا ہوگا۔
رمیز راجہ نے پاک بھارت سیریز سے متعلق کہا کہ دو طرفہ سیریز فی الحال تو مشکل ہے، بین الاقوامی ٹورنامنٹس سے دستبردار ہو جانا اتنا آسان نہیں ہوتا، چیئرمین بی سی سی آئی سارو گنگولی کے ساتھ میرا پرانا تعلق ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار