تحریر: چوہدری خالد رسول انفارمیشن آفیسر

    قدرتی آفات جہاں تباہی وبربادی لاتی ہیں وہاں وہ اقوام عالم کو متحد کرنے کے ساتھ اس کے تدارک و خاتمے کی اجتماعی جدوجہد کو بھی ابھارتی ہیں،پچھلے ادوار کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ کوئی آفت دنیا کے کسی ایک علاقہ و خطہ میں پوری شدت سے حملہ آور ہوتی تو وہاں کے مکینوں کو نیست ونابود کرکے رکھ دیتی جب کہ دنیا کے دیگر علاقے اس آفت سے بچے رہتے۔
2019میں آنیوالی آفت کورونا وائرس جیسے کوویڈ۔19 بھی کہتے ہیں نے پوری دنیا کو پوری قوت کے ساتھ اپنی لپیٹ میں لیا ہے، اس مہلک وباء نے دنیا کے ہر ملک،ہر کونہ،ہر نگر کے شہریوں کو براہ راست اپنے نشانے پر لیا ہے،لاکھوں انسان کورونا سے لقمہ اجل بنے۔اب یہ آفت دیگر نئی اقسام کے ساتھ بنی نوع انساں پر متواترحملے جاری رکھے ہوئے ہے۔دنیا بھر میں کورونا وباء کے اچانک بنی نوع انساں پر نمودار ہونے پر طبی ماہرین،سانئس دان متحرک ہوئے،تاحال اس مہلک بیماری کا علاج دریافت تو نہ ہو سکا مگر سانئس دانوں نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ اس کے حملے کی شدت کو کم کرنے کی ویکسین ضرور دریافت کر لی ہے۔
    وطن عزیز کی بات کی جائے تو یہاں بھی کورونا کے حملے جاری ہیں،دوسری طرف اس مہلک بیماری سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل عروج پر ہے اور دیگر ممالک کے تعاون سے ملکی سطح پر بھی کورونا ویکسین تیار کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔یوں تو ملک کے ہر صوبے میں شہریوں کو اس مہلک بیماری سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے۔ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کی ہدایت پر شہریوں کو مختص سرکاری ہسپتالوں،بنیادی مراکز صحت کے بعد اب شہریوں کو انکی دہلیز پر کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم شروع ہو چکی ہے،کورونا ویکسی نیشن کی ریڈ مہم(Reach Every Door)12نومبرتک
 جاری رہے گی،اس دوران روزانہ تقریباً10 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب کو کورونا کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا،صوبہ میں ابتک تقریباً 13 ہزار سے زائد افراد کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں اور پنجاب کی معیشت کو تقریباً 650ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔جانی و مالی نقصان سے بچنے کیلئے ویکسی نیشن اور احتیاطی تدابیر ضروری ہیں۔ پنجاب حکومت نے شہریوں کے تحفظ کیلئے بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم شروع کی ہے،
شہریوں کو ان کے گھروں میں جاکر کورونا ویکسین لگائی جائے گی،ریڈ ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے صوبہ بھر میں 14ہزار نئے ویکسی نیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں،شہریوں کو ان کی دہلیز پر ویکسی شنیشن کیلئے 18ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،خصوصی ٹیمیں ہر محلے،گاؤں اور شہروں میں جاکر لوگوں کو مفت ویکسین لگائیں گی جب کہ ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں،صوبائی وزراء، سیکرٹریز،منتخب نمائندگان اور سماجی کارکنوں کو بھی اس مہم کی کامیابی کیلئے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، کورونا سے نجات کا واحد حل ویکسی نیشن ہے،میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ ویکسین لازمی لگوائیں۔
    حکومت پنجاب کی ہدایت پر ریڈ مہم کو کامیاب بنانے اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں، مہم کی مانیٹرنگ کے لیے تمام انتظامی سیکرٹریز کو ذمہ داریاں دی گئیں ہیں،گھر کی دہلیز پر خصوصی مہم  کے دوران ڈیڑھ کروڑ سے زائد  افراد
 کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ پرائمری ہیلتھ نے 70 کروڑ کے فنڈز بھی جاری کر دیئے ہیں جو ہیلتھ کونسلوں کے ذریعے خرچ کیے جارہے ہیں۔دوسری طرف کورونا ویکسین کی افادیت سے متعلق آگاہی کو پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے تشہیر کو ممکن  بنایا جارہا ہے اس سلسلے میں علماء کرام کی مدد لی جا رہی ہے،اس حوالے سے محکمہ پنجاب میں اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے مدارس بورڈز کو مراسلہ بھی جاری کیا ہے۔پنجاب میں ریڈ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے شہریوں،تاجر برادری،علماء کرام،سول سوسائٹی،این جی اوز سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون بڑی اہمیت رکھتا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار اس مہم کو صوبہ کی سب سے بڑی مہم قرار دے رہے ہیں اور وہ بذات خود اس مہم کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ پنجاب کے ہر ضلع میں عوام کو زیادہ سے زیادہ  ویکسینیٹ کیا جا سکے۔
    کورونا وبا ابھی ختم نہیں ہوئی مگر احتیاطی طور پر ہم نے ناصرف خود بلکہ دوسروں کو بھی اس سے  بچانا ہے،شہریوں کو بیماریوں سے پاک معاشرہ اور صحت سے وابستہ ہمہ قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کا اہم مشن ہے،حکومت پنجاب کا سب سے اہم  ادارہ محکمہ اطلاعات و ثقافت کورونا وائرس کے بارے میں آگاہی بیدار کرنے میں اپنا اہم اورمؤثر ترین کردار نبھا رہا ہے،سیکرٹری  اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز لاہور میں قائم خصوصی سیل قائم ہے جو کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں آنے والی تبدیلیوں اور واقعات کی ہر لمحہ مانیٹرنگ کر رہا ہے۔پرنٹ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا  پر ڈی جی پی آر پنجاب کی زیر نگرانی کورونا سے بچاؤ بارے حفاظتی اقدامات کی خصوصی آگاہی مہم عروج پر ہے،دوسری طرف میڈیا ماہرین کی زیر سرپرستی کورونا سے متعلق جھوٹی اور من گھڑت افواہوں کا سدباب کیا جارہا ہے اور بیجا خوف و ہراس پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بھی بنایا جا رہا ہے،ساتھ ہی پنجاب کے تمام اضلاع میں تعینات انفارمیشن آفیسرز ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر مقامی سطح پر عوام کو کورونا کے بارے میں آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔صوبہ بھر کی طرح ڈیرہ غازی خان میں بھی گھر گھر،کورونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے،کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سارہ اسلم نے بلاک جے میں ''گھر کی دہلیز پر مفت کورونا ویکسی نیشن سہولت سروس''کا افتتاح کیا اور سنٹر میں سہولیات کا جائزہ لیا۔ان کا کہنا ہے کہ گھر گھر ویکسی نیشن کیلئے 1550 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو شہر،قصبات،کوہ سلیمان کے پہاڑوں اور دور دراز کے علاقوں میں جاکر کورونا ویکسی نیشن کررہی ہیں۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید بھی اپنی پوری ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کورونا ویکسی نیشن کی کامیابی کیلئے متحرک و کوشاں ہیں۔علاوہ ازیں کورونا مہم کی جانچ پڑتال کے لیے صوبائی سیکرٹریز بھی صوبہ بھر کے اضلاع کے دورے کر رہے ہیں،اس سلسلہ میں گزشتہ روزسپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب محمد نعیم غوث نے کورونا ویکسی نیشن مہم کے انتظامات اور پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔اس حوالے سے انہیں بریفنگ میں  بتایا گیا کہ کورونا ریڈ مہم کیلئے ضلع میں 71فکس،419موبائل،59سکولز،29فیمیلی ویلفیئر ورکرز سمیت ٹیمیں فیلڈ میں تعینات ہیں،مہم کے پہلے پانچ دنوں میں 1لاکھ26ہزار796لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ ابتدائی چار روز سے ویکسین لگانے کے حوالے سے ضلع ڈیرہ غازی خان پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن پر ہے،مہم میں مختلف محکموں کے 2369 افراد پر مشتمل سٹاف متعین ہے۔3لاکھ61ہزار47 ویکسین کا سٹاک ضلع میں موجود ہے،پانچ دنوں میں مختلف سکولوں کے8862 طلباء کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ضلعی انتظامیہ پرعزم ہے کہ صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن پر رہنے کے ریکارڈ آگے بھی برقرار رکھا جائے۔
    کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں عوام کو ہر محاذ پر حکومت کا ساتھ دینا ہوگا،وہ تمام اداروں،حکومتی مشینری کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں،احتیاطی تدابیر بھی پر سختی سے عمل کریں،کورونا ویکسین ضرور لگوائیں،صوبہ کے تمام ویکسی نیشن مراکز پر ویکسین کی وافر مقدار موجود ہے،ریڈ مہم کے دوران پنجاب کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسین لگانے کی کوشش کی جا رہی ہیں جب کہ عوام کسی بھی قسم کی رہنمائی یا شکایات کے لیے 1033 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار