ڈیرہ غازیخان(  سٹی رپورٹر/ تیمور اعظم )سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب محمد نعیم غوث نے کورونا ویکسی نیشن مہم کے انتظامات اور پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔اس حوالے سے انہیں ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں بریفنگ بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید،اسسٹنٹ کمشنر اسد علی بدھ،پولیٹیکل اسسٹنٹ محمد اکرام ملک،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن،سی ای او ایجوکیشن مسعود ندیم،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ہما مہدی لغاری،ڈاکٹر اطہر سکھانی،ڈاکٹر کامران بھٹہ سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ کورونا ریڈ مہم کیلئے ضلع میں 71فکس،موبائل 419،سکولز59،فیمیلی ویلفیئر 29سمیت مجموعی طور پر 578ٹیمیں فیلڈ میں تعینات ہیں اور گزشتہ پانچ دنوں میں 1لاکھ 26ہزار 796لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ابتدائی چار روز سے ویکسین لگانے کے حوالے سے ضلع ڈیرہ غازی خان پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن پر ہے،مہم میں مختلف محکموں کا 2369 پر مشتمل سٹاف متعین ہے۔ 3لاکھ61ہزار47 ویکسین کا سٹاک ضلع میں موجود ہے،سکولوں میں 8862 طلباء کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا کہ پچھلے چار دنوں سے صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن پر رہنے کا ریکارڈ آگے بھی برقرار رکھا جائے گا،پورے ضلع میں ٹیمیں متحرک ہیں جب کہ ہر روز رات کو ٹیموں کی کارکردگی چیک کرنے کے لیے اجلاس بھی باقاعدگی سے منعقد کئے جاتے ہیں،زیادہ   پبلک والی جگہیں ہماری ترجیح ہیں،حقائق پر مبنی ڈیٹا شئیر کیا جاتا ہے،ہم اپنا ٹارگٹ حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہونگے۔سپیشل سیکرٹری ہیلتھ محمد نعیم غوث نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ڈیرہ غازی خان میں کورونا ویکسی نیشن مہم کے انتظامات اور سٹاف کی محنت و کارکردگی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ ٹرائبل ایریا میں ٹیموں کی پرفارمینس بہتر ہے،کوشش کی جائے کہ کوئی شہری حکومت پنجاب کی مفت کورونا ویکسین لگانے سے نہ رہ جائے،انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوانا ضروری ہے،ہمارا ہر شہری باشعور ہے،ویکسین لگوانے والے دیگر لوگوں کو بھی قائل کریں تو ہمارا کام آسان ہو جائے گا۔بعدازاں سپیشل سیکرٹری نے فیلڈ میں جاکر شہریوں کو ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار