یورپی یونین نے پروازوں پر بڑی پابندی لگا دی
مانٹرنگ ڈیسک
روس اور یوکرین کے مابین جنگ کی وجہ سے یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے نیا سیفٹی بلیٹن جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین نے روس اور یوکرین سمیت اطراف میں سویلین پروازوں پر 90 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے، یورپی یونین کے ممالک سمیت تھرڈ کنٹری کی ایئر لائنز پروازوں پر بھی پابندی عائد ہوگی۔سیفٹی بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ایئر اسپیس میں جاری جنگ میں راکٹ اور میزائل سے طیاروں کو خطرہ ہے، ایاسا کی پابندی کا اطلاق 24 فروری تا 24 مئی کے لیے ہوگا۔ایجنسی نے مزید کہا کہ آپریٹرز کو انتہائی احتیاط برتنی چاہیے، اور روس یوکرین سرحد کے 100 ناٹیکل میل کے اندر فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ یوکرین نے بھی جمعرات کو اپنی فضائی حدود کو شہری پروازوں کے لیے بند کر دیا ہے، روس نے اپنے پڑوسی پر زمینی، سمندری اور فضائی حملے شروع کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے یورپ کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے بھی سرحدی علاقوں میں پروازوں کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔
Leave A Comment