سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سے غیر مشروط معافی مانگنے پر تیار ہو گئے۔
لندن میں مقیم 74 سالہ سابق فاسٹ باؤلر جو ان دنوں صاحب فراش ہیں نے نجم سیٹھی کے نام خط میں واضح کیا ہے کہ وہ عدالت میں معافی نامہ لکھ کر دینے کو آمادہ ہیں۔
اس سلسلے میں ان کے وکیل نعیم بخاری کرکٹ بورڈ آکر پی سی بی وکیل کے ساتھ مل کر معاملہ ختم کرنے کے لیے کسی بھی وقت آنے کو تیار ہیں۔
سرفراز نواز نے ایک بار پھر اپنی پنشن جاری کرنے کی بھی درخواست کی تھی، 55 ٹیسٹ اور 45 ایک روزہ میچز میں ملک کی نمائندگی کرنے والے سرفراز نواز کی دائیں ٹانگ کا چند روز پہلے آپریشن ہوا جبکہ دوسری ٹانگ کا آپریشن ایک ماہ بعد ہوگا۔
پی سی بی نے عرصہ دراز سے سرفراز نواز کی پلیئرز ویلیفیئر پالیسی کی پنشن روک رکھی ہے، ماضی میں سرفراز نواز نے نجم سیٹھی پر غداری اور میچ فکسرز کی سرپرستی جیسے سنگین الزامات لگائے تھے، حال ہی میں نجم سیٹھی نے پنشن کی بحالی کو سرفراز نواز کی عدالت میں معافی سے مشروط کیا تھا۔
چند ماہ قبل سابق سربراہ کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے پنشن میں تینوں کیٹیگریز کے لیے ایک ایک لاکھ روپے کا اضافہ کیا تھا، 10 ٹیسٹ سے کم کھیلنے والوں کو ایک لاکھ 42 ہزار، 11 سے 20 ٹیسٹ والوں کو ایک لاکھ 48 ہزار جبکہ اس سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کرکٹرز کو ایک لاکھ 54 ہزار روپے ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں، سرفراز نواز نے بھی بارہا اپنی پنشن بحالی کی اپیل کی ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار