ایشیا اردو

خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کی قیادت میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں واک اور آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ شعبہ امراض نسواں کے زیر اہتمام ہونے والی اس واک اور سیمینار میں پرنسپل نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، سابق پرنسپل نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سمیع اختر، معروف ایجوکیشنٹ اور سکالر میڈم  نصرت ریاض، پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ، چیف ٹریفک سپرنٹینڈنٹ ملتان میڈم ہما نسیم، ڈین آف نرسنگ میڈم طاہرہ سمیت سینئر فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ سربراہ شعبہ گائنی یونٹ ٹو نے اپنے  استقبالیہ خطاب میں شرکاء کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کی اس واک اور سیمینار کا مقصد خواتین کی سیاسی، سماجی اور اقتصادی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا اور خواتین کو درپیش مسائل اور چیلنجوں کو اجاگر کرنا ہے۔ شرکا نے مہذب معاشرے کے قیام کے حوالے سے خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سمیع اختر، پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ  نے امراض نسواں کے حوالے سے آگاہی لیکچرز دیے۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ سیاسی، سماجی اور معاشی زندگی میں خواتین کو مساوی حیثیت دینے سے ہماری مجموعی معاشرت اور خوشحالی میں بہتری دیکھنے کو ملتی ہے۔ لہذا خواتین کو با اختیار بنانے اور صنفی مساوات کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے مختلف شعبہ ہائے زندگی اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کیں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار