ایشیا اردو

 خواتین میں بیضہ دانی کے سرطان (اوورین کینسر) کے موضوع پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں ایک روزہ کلینیکل کانفرنس کا انعقاد گزشتہ روز نشتر ہسپتال آڈیٹوریم میں ہوا جس میں گائنی ڈیپارٹمنٹ، ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ اور کینسر ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شعبہ گائنی یونٹ ٹو نشتر ہسپتال کے زیر اہتمام منعقدہ اس کانفرنس میں پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، سربراہ شعبہ انکا لوجی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود، سربراہ شعبہ ریڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار انجم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ سربراہ شعبہ گائنی نے کانفرنس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ گائنی یونٹ ٹو سے ڈاکٹر مہوش ناز اور ڈاکٹر سیرت طیبہ نے بیضہ دانی کے سرطان سے متاثرہ خواتین اور ان کے علاج سے متعلقہ تفصیلات بارے شرکاء کو آگاہ کیا جس پر تمام شعبوں کے ماہرین نے اپنی اپنی رائے سے نوازا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ بیضہ دانی یا اووری کا سرطان عام طور پر مہلک ہوتا ہے کیونکہ اس کی علامات دیر سے ظاہر ہوتی ہیں۔ اور اس کی علامات کا پہچاننا بھی قدرے مشکل ہوتا ہے جن میں پیٹ کا درد، مستقل سوزش، کھانے میں تکلیف وغیرہ شامل ہیں جو کہ دوسری کئی بیماریوں کی بھی علامات ہیں۔ ماہرین نے بیضہ دانی کے سرطان کی سکریننگ کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نے تمام منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی ایسے پروگرامز کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار