آسٹریلیا نے ایک بار پھر قومی ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ اپنے نام کیا اور ساتھ ہی سیریز میں بھی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
میلبرن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور گرین کیپس کو میچ میں 79 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی دوسری اننگز
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز اوپنر عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا، کینگروز کی طرح شاہینوں کی جانب سے بیٹنگ میں اچھی شروعات نہیں ہوئی، عبداللہ شفیق نے صرف 8 کے مجموعی سکور پر مچل سٹارک کی گیند پر عثمان خواجہ کو کیچ دے دیا، وہ صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
امام الحق ہمیشہ کی طرح ناکام ثابت ہوئے اور 12 رنز پر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تاہم بعدازاں قومی کپتان شان مسعود نے جارحانہ انداز اپنایا مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ 71 گیندوں پر 60 رنز کی باری کھیل کر پیٹ کمنز کا شکار بن گئے۔
سابق قومی کپتان بابر اعظم اس بار بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 41 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو کر چلتے بنے۔
سعود شکیل 24 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے، محمد رضوان بھی 35 رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار بنے جبکہ عامر جمال بھی بغیر کوئی رن بنائے پیٹ کمنز کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سلمان علی آغا نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
کینگروز کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے ایک بار پھر شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راؤ دکھائی جبکہ مچل سٹارک کے 4 اور جوش ہیزل ووڈ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگز
آسٹریلیا نے جیسے ہی دوسری اننگز شروع کی تو شاہین ان پر جھپٹ پڑے، اننگز کی دوسری ہی گیند پر شاہین نے عثمان خواجہ کو چلتا کیا جب کہ لنچ سے پہلے لبوشین کو بھی میدان بدرکردیا۔
ابتدائی دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوسرے اینڈ سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے میر حمزہ نے بھی وکٹیں حاصل کرنا شروع کر دیں۔
آسٹریلوی اننگ کے 5.1 اوور میں میر حمزہ نے ڈیوڈ وارنر کو 6 رنز پر بولڈ کیا جس کے بعد انہوں نے اگلی ہی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو بھی بولڈ کر کے اپنی دھاک بٹھا دی۔
جلد 4 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ اور مچل مارش نے پارٹنرشپ قائم کی، اس دوران مچل مارش نے 70 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری سکور کی۔
سٹیو سمتھ اور مچل مارش کی پارٹنرشپ کی بدولت آسٹریلیا نے میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کی جس کے بعد 49.5 اوورز میں میر حمزہ نے آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ اڑائی، انہوں نے مچل مارش کو 96 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
مچل مارش کے بعد سٹیو سمتھ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رہ سکے اور 50 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ پاکستان کی جانب سے میر حمزہ اور شاہین آفریدی نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے اور ان کو 241 رنز کی برتری حاصل رہی
میچ کے چوتھے روز مچل سٹارک اور ایلکس کیری نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کچھ ہی دیر بعد 209 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے مچل سٹارک کو پویلین کی راہ دکھائی وہ صرف 9 رنز ہی بنا پائے۔
پیٹ کمنز 16 رنز پر عامر جمال کا شکار بنے، اس کے بعد آنے والے نیتھن لائن کو بھی عامر جمال نے کلین بولڈ کیا، ایلکس کیری 53 رنز پر میر حمزہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور میر حمزہ نے 4، 4 جبکہ عامر جمال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کی جانب سے 318 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن بائیں ہاتھ کے بلے باز امام الحق 10 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بعدازاں عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 124 رنز پر پہنچایا لیکن عبد اللہ شفیق ففٹی مکمل کرنے کے بعد جلد ہی چلتے بنے اور 62 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ان کو ہی کیچ تھما دیا۔
بابر اعظم بھی صرف ایک رن پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ شان مسعود کی شکل میں گری جب وہ 54 رنز پر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان شان مسعود کے بعد نوجوان بلے باز سعود شکیل بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض 9 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، چھٹی وکٹ پر سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، محمد رضوان بھی 42 رنز پر پیٹ کمنز کا شکار بنے۔
دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے، عامر جمال اور محمد رضوان وکٹ پر موجود تھے۔
میلبرن ٹیسٹ کے تیسرے روز محمد رضوان اور عامر جمال نے کھیل کا آغاز کیا تو پاکستان کے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز تھے، بیٹنگ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی 215 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان ہمت ہار گئے اور پیٹ کمنز کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، رضوان نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔
شاہین آفریدی 21 رنز پر نیتھن لائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، حسن علی اور میز حمزہ نے 2، 2 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5، نیتھن لائن نے 4 اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کینگروز کی پہلی اننگز
قبل ازیں پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 6 رنز کے مجموعی سکور پر فرسٹ سلپ پر کھڑے عبداللہ شفیق نے صرف 2 رنز بنانے والے وارنر کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔
اس کے بعد دونوں اوپنرز نے 90 رنز کی شراکت قائم کی، آسٹریلیا کی جانب سے پہلی وکٹ وارنر کی گری جو 38 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کینگروز کی دوسری وکٹ 108رنز کے مجموعے پر گری جب عثمان خواجہ 101 گیندوں پر 42 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر سلمان آغا کو کیچ دے بیٹھے، آسٹریلیا کا مجموعی سکور 114 رنز پر پہنچا تو بارش نے آن لیا جس کے بعد میچ کو روک دیا گیا۔
پاکستان کے خلاف دوسرے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز تھے، پہلے روز آخری وکٹ سٹیو سمتھ کی گری جو 26 رنز پر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، دوسرے روز مارنوس لبوشین اور ٹریوس ہیڈ نے بیٹنگ شروع کی اور کچھ دیر بعد ہی ٹریوس ہیڈ نے 204 کے مجموعی سکور پر آغا سلمان کو کیچ دے دیا۔
اس کے بعد مارنوس لبوشین 63 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مچل مارش اور ایلکس کیری نے 4 ،4، مچل سٹارک نے 9، پیٹ کمنز نے 13 اور لیتھن لائن نے 8 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3، شاہین آفریدی، حسن علی اور میر حمزہ نے 2، 2 جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی سکواڈ
قومی ٹیم میں میلبرن ٹیسٹ میچ کیلئے تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، سرفراز احمد، فہیم اشرف اور خرم شہزاد کو آرام دے کر ان کی جگہ محمد رضوان، حسن علی اور میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی اور عامر جمال بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
آسٹریلین سکواڈ
پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پیٹ کمنز کی قیادت میں نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، ایلکس کیری اور مچل سٹارک پر مشتمل ٹیم میدان میں اتری ہے

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار