مانٹرنگ ڈیسک

بھارتی پنجاب میں خالصتان نواز سیاسی جماعت کے صدر سمرن جیت سنگھ مان نے سنگرور پارلیمانی حلقے کا ضمنی الیکشن جیت لیا ہے۔ انہوں نے کامیابی کو خالصتان ریاست کے علمبردار جرنیل سنگھ بِھنڈراں والا کی تعلیمات کی مرہون منت قرار دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق علیحدہ خالصتان ریاست کے قیام کی مہم کے خلاف بھارتی حکومت کے سخت ترین اقدامات کے باوجود مہم کسی نہ کسی صورت میں اب بھی زندہ ہے۔ اس کی مثال پنجاب کے سنگرور پارلیمانی حلقے کا ضمنی انتخاب ہے جہاں خالصتان نواز سیاسی جماعت شرومنی اکالی دل (امرت سر) کے صدر سمرن جیت سنگھ مان نے اڑھائی لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے۔ یہ سیٹ بھگونت سنگھ مان کے تقریباً 3 ماہ قبل وزیر اعلیٰ بننے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سمرن جیت سنگھ نے حال ہی میں قتل ہونے والے گلوکار سدھو موسے والا اور خالصتانی عسکریت پسند رہنما جرنیل سنگھ بھنڈراں والے کو انتخابی مہم کا خصوصی موضوع بنایا تھا۔ بھنڈراں والا جون 1984ء میں گولڈن ٹیمپل پر  آپریشن بلیو اسٹار‘ کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں ہلاک ہوگئے تھے۔ سمرن جیت سنگھ مان نے آپریشن بلیو سٹار کے خلاف اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔
الیکشن جیتنے کے بعد سمرن جیت سنگھ نے پہلی تقریر میں اپنی کامیابی کا سہرا اپنے کارکنوں اور جرنیل سنگھ بھنڈراں والا کی تعلیمات کو دیتے ہوئے کہا کہ بھنڈراں والے نے پرامن جدوجہد کے ذریعہ جینے کا جو راستہ بتایا تھا، یہ اسی کی کامیابی ہے۔ کامیابی کا اثر عالمی سیاست پر بھی پڑے گا۔ طویل عرصے کے بعد ان کی پارٹی کی فتح ہوئی ہے۔ لوگوں کا حوصلہ کافی بلند ہے اور وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
سمرن جیت سنگھ مان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ واہگہ کے راستے بھارت کے تجارت بحال کرنے کے لیے آواز بلند کریں گے۔ تجارت کے لیے سرحدیں کھل جانے سے کسانوں اور تاجر برادری دونوں کا فائدہ ہوگا۔ پنجاب کے کسان خودکشی کر رہے ہیں، وہ قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ مزدوروں کو غربت اور فاقوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاجروں کو مسلسل نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ واہگہ کے نزدیک پاکستان کے ساتھ سرحد کھل جائے۔ اس سے ہم پاکستان کو ہم گیہوں بھیج سکیں گے جسے اس کی ضرورت ہے جبکہ یہ ہمارے پاس وافر مقدار میں موجود ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار