پی ٹی آئی کا جلسہ: ریڈ زون مکمل سیل، اسلام آباد جانیوالے راستے بھی بند
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے کی کال پر پولیس نے ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا جبکہ اسلام آباد جانیوالے راستے بھی بند ک دیئے گئے ہیں۔
ریڈ زون میں جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں جس سے مارگلہ روڈ انٹری پوائنٹ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
اسلام آباد کے داخلی وخارج راستوں پر کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں، ٹی چوک پر کنٹینرز کھڑے کر کے راستہ بند کردیا گیا، ریڈ زون میں داخلے کیلئے صرف مرگلہ ایوینوکھلا ہوا۔
دوسری جانب اسلام آباد جانے کے لیے موٹروے کلر کہار انٹرچینج سے مکمل بند کردی گئی جبکہ راوی ٹال پلازہ سے موٹروے کو لاہور سے اسلام آباد جانیوالی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ ڈبل روڈ اور 26 نمبر چورنگی کو بھی پولیس نے مکمل سیل کر دیا جس کے باعث راستوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جبکہ فراہم کردہ متبادل راستوں پر راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر راولپنڈی میں 24 اگست تک دفعہ 144 نافذ ہے اور انتظامیہ نے شہر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کے لیے جاری کردہ این او سی بھی منسوخ کر دیا ہے۔
Leave A Comment