روسی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہےکہ روس نے15 نومبرکو غیر استعمال روسی سیٹلائٹ کو تباہ کرنےکا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
اس سے قبل امریکا نے اسے خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ میزائل تجربہ  قرار دیتے ہوئے روس کی سخت مذمت کی تھی۔
امریکا کا کہنا تھا کہ روسی فیڈریشن نے لاپرواہی سے اپنے ہی ایک سیٹلائٹ کے خلاف براہ راست سیٹلائٹ میزائل کا ٹیسٹ کیا، جس کے باعث رو سی سیٹلائٹ تباہ ہوگیا۔امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئےکہا کہ ٹیسٹ کے دوران بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر سوار عملے کو خطرہ لاحق تھا، شدید ملبے کے باعث عملے کو کیپسول میں ہی پناہ لینی پڑی۔
ناسا کے مطابق خلائی اسٹیشن پر عملےکے 7 ارکان سوار تھے، جن میں 4 امریکی، ایک جرمن اور 2 روسی خلاباز شامل  تھے۔
روس کے اینٹی سیٹلائٹ میزائل تجربے پر امریکا کے مذمتی بیان کو روسی وزارت دفاع نے منافقانہ قرار دیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ امریکا خود خلا میں نئے ہتھیاروں کے تجربات کر رہا ہے اور خلا میں امریکی اقدامات کو خطرہ سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ خلا میں امریکی اقدامات خلا کے پُر امن استعمال کے اہداف سے مطابقت نہیں رکھتے۔
 روسی وزارت دفاع کے مطابق  اس سے پہلے امریکا، چین اور بھارت بھی اسی طرح کے تجربے کر چکے ہیں۔
اس حوالے سے روسی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ اس تجربے سے خلابازوں کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہوا، میزائل نے 1980 کی دہائی کے ایک پرانے روسی سیٹلائٹ کو مکمل درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار