ایشیا اردو

تحریر: راجہ عبدالباسط خاناسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلقات عامہ
وزارت عظمیٰ کا حقیقی وژن رکھنے والے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے جس طرح عوام کا دکھ درد سمجھتے ہوئے ان کی ترقی و فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھانے شروع کئے ہیں اس سے اس بات کی توقع پیدا ہو گئی ہے کہ آزاد خطہ کی جلد تقدیر بدلنے والی ہے،وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے منصب سنبھالنے کے بعد ابھی تک اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ نہیں کیا لیکن قبل ازیں عید کے روز اور پھر اب ضلع جہلم ویلی جس کا بیشتر حصہ ایل او سی پر واقع ہے کہ کا دورہ کر کے ثابت کر دیا کہ وہ ضلع جہلم ویلی کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور آزادخطہ کی تعمیر وترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کمربستہ ہیں۔ دورے کے دوران  اہلیان جہلم ویلی نے وزیراعظم کا تاریخی خیر مقدم کیا،جہلم ویلی انٹری پوائنٹ سے لیکر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر تک عوام الناس کی جانب سے جگہ جگہ استقبال کیا گیا، ہر طرف خیر مقدمی بینروں کی بھرمار دیکھی گئی، جہلم ویلی کی فضا تنویر الیاس زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، ڈھول کی تھاپ پر تحریک انصاف کے کارکنوں کا رقص، سردار تنویر الیاس خان کو وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی اور سید ذیشان حیدر کے حلقوں سے جہلم ویلی کے کارکنان نے بڑے قافلوں کی صورت میں ویلکم کیا۔ وزیر اعظم نے تاریخ ساز استقبال پر اہلیان جہلم ویلی کو خراج تحسین پیش کیا۔ جہلم ویلی آمد پر ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر میں آزادکشمیر پولیس کی جانب سے سلامی دی گئی۔   انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا، نئی تعمیر ہونے والی بلڈنگ کا معائنہ کیا۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان نے انہیں ضلع جہلم ویلی کے مسائل بارے بریفنگ دی۔انہوں نے  اس موقع پر پولیس بینڈ کے لیے ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا اور علی خان چغتائی مرحوم ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اورے جیتنے والی ٹیم کو 3 لاکھ اور ہارنے والی ٹیم کو ایک لاکھ پچاس ہزار دینے کا اعلان کیا اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کو فی ٹیم 25 ہزار دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے ہٹیاں بالا میں سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر کا بھی اعلان کیا اور  جہلم ویلی میں اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے پی ٹی آئی رہنما سید ذیشان حیدر کی جانب سے شروع کیے گئے جہلم ویلی ٹورازم فیسٹیول کا افتتاح کیا اور فیسٹیول کیلئے 1کروڑ کا اعلان کیا۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کمپلیکس جہلم ویلی کا بھی افتتاح کیا وہاں پر ہسپتال میں ڈائیلاسز سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر  نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جہلم ویلی کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا اور پریس کلب جہلم ویلی کے لیے 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا اور جہلم ویلی کے صحافیوں کی فلاح و بہبود علاج معالجہ کے لیے 8 لاکھ روپے جبکہ اپنی جیب سے 6 موٹر سائیکل دینے کا اعلان کیا۔ انہوں  نے کہا کہ جو سیرت النبی کے حوالہ سے سب سے بہترین کتاب لکھے گا،اسے ایک کروڑ تک انعام دیا جائے گا۔نئی نسل کو سائنسی علوم کے ساتھ ساتھ سیرت النبی کی تعلیمات سے بھی آشنا ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے جہلم ویلی بار ایسوسی ایشن کے لیے 20 لاکھ اور بار ایسوسی ایشن کی لائبریری کے لیے 40 لاکھ کا اعلان کیا۔ انہوں  نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں جس کی پیداوار سب سے زیادہ ہو گی اسے حکومت کی طرف سے 50 لاکھ انعام دیا جائیگا۔سردار تنویر الیاس  نے کہا کہ پنچائیت،جرگہ سسٹم اور پرانا چوکیدارانہ نظام بحال کرنے جا رہے ہیں۔وزارتوں کوکارکردگی دکھانے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا ہے،جو کارکردگی نہیں دیکھائے گا اسے تبدیل کیاجائے گا۔

صحافی بغیر بندوق کے مجاہد کا کردار ادا کرتے ہیں

عوام اور حکومت کے درمیان رابطے میں صحافت کا بنیادی کردار ہے،عوام کو کہانیاں نہیں سنائیں گے بلکہ اپنے اعلانات پر منشور کے مطابق عملدرآمد کر کے دیکھائیں گے۔سائنسی علوم کے ساتھ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی لازمی قرار دی جائے گی، اپنے اسلاف کی روایات کو بھولنا نہیں ہے، جہلم ویلی انتہائی خوبصورت علاقہ ہے یہاں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے،چھوٹی صنعت کے فروغ کے لئے خصوصی پلان لا رہے ہیں۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ قدرتی ماحول کی حفاظت کریں، یہاں آنے والے سیاحوں سے اچھا برتاو رکھیں تاکہ وہ اچھا تاثر لیکر جائیں۔جہلم ویلی پریس کلب کی عمارت بھی تعمیر کریں گے، پریس فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کو مزید سہولیات فراہم کریں گے۔حکومت کو صحافیوں کی ضروریات کا احساس ہے، ان کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اخبارات پر آیات ِ مقدسہ اور احادیث شائع نہ کی جائیں تاکہ اللہ اور رسول اللہ کے کلام کی بے حرمتی سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز رضاکاروں پر مشتمل ایک ٹیم بنائیں، ان رضاکاروں کو کلین اینڈ گرین کشمیر مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔ سڑکوں کی خفاظت کے لیے خصوصی شعبہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی کے علاقہ میں بڑی عظیم شخصیات گزری ہیں، راجہ حیدر خان، صاحبزادہ محمد اسحاق ظفر، منشی علی گوہرسمیت پیر سکندر شاہ صاحب جیسی بڑی شخصیات گزری ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے جامع کشمیر جہلم ویلی کیمپس کو سابق وزیر سیاسی و سماجی شخصیت علی خان چغتائی کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ راجہ حیدر خان، صاحبزادہ اسحاق ظفر، کے ایچ خورشید اور چوہدری غلام عباس کے نام سے بھی ادارے یا سڑکوں منسوب کریں گے۔ وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ اہلیان جہلم ویلی وزیراعظم آزادکشمیر کو دوسری مرتبہ جہلم ویلی تشریف آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ جہلم ویلی کشمیر کا گیٹ وے ہے، اسی شاہراہ سے ایک دن ہم نے آزادی کا علم تھامے سرینگر جانا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر جب بھی ایل او سی سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کرتے ہیں تو ہندوستان کو تکلیف ہو جاتی ہے۔

سردار تنویر الیاس خان نے قائد پاکستان عمران خان کے ویڑن کے مطابق آزادکشمیر کی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستا ن سے ہمدردی کی توقع ہے کہ ہمارے بجٹ پر کٹ نہیں لگایا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امید وار اسمبلی تحریک انصاف سید زیشان حیدر نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر کا اقتدار سنبھالنے کے دو مہینے میں جہلم ویلی کا دوسرا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم آزادکشمیر عمران خان کے فلسفے کے مطابق آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے سر گرم عمل ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے حلقہ کا ابھی پہلا دورہ بھی نہیں کیا اور جہلم ویلی میں دوسری مرتبہ تشریف لا ئے ہیں جس پر اہلیان جہلم ویلی کی جانب سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہاکہ ہمیں وہ وزیراعظم ملا ہے جسے کچھ بتانے کی ضرورت نہیں ہے، وزیراعظم مبارکباد کے مستحق ہیں کہ دوسری مرتبہ جہلم ویلی کا دورہ کر رہے ہیں اور جہلم ویلی کے عوام کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ جماعتی وابستگی سے با لا تر ہو کر وزیراعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔جہلم ویلی بارایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بھارت کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لے،ہندوستان ہماری تاریخ سے واقف نہیں، ہم اقوام عالم کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہندوستان کے اقدامات کا نوٹس لیں،کسی کو اس کے مذہب کے حوالہ سے کچھ نہیں کہنا چاہتے کہ وہ جس مذہب سے بھی ہو لیکن ہمارا مطالبہ صرف ایک ہی ہے کہ ظلم و جبر کو بند کیا جائے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو انکا جائز پیدائشی اور اقوام متحدہ سے مسلمہ حق خود ارادیت دیا جائے۔کشمیر کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے تحریک آزادی کے لیے اپنے لخت جگر قربان کر دیے۔ یاسین ملک کا جرم صرف اتنا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق کی بات کرتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے یاسین ملک سے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو دنیا کے ہر فورم پر لیکر جائیں گے اور آواز بلند کریں گے۔ تقریب آمد پر وکلائنے وزیر اعظم آزادکشمیر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں جہلم ویلی کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے اور دو ماہ میں دوسری مرتبہ جہلم ویلی کا دورہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ دورہ جہلم ویلی کے دوران وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے وزیرتعلیم دیوان علی خان چغتائی اور سابق امیدوار اسمبلی ذیشان حیدر کے ہمراہ جہلم ویلی ٹورازم فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح کیا۔

15 روزہ فیسٹول کا آغاز جولائی کے وسط میں عید الاضحیٰ کے دوران ہو گا۔

50 ہزار سے زائد سیاح لانے کا ہدف، جہلم ویلی کے دو ہزار سے زائد افراد کو روزگار میسر ہوگا۔جہلم ویلی کے 100 سے زائد سیاحتی مقامات متعارف کروائے جائیں گے۔ واٹر رافٹنگ، کوہ پیمائی سمیت درجن بھر ایڈونچر سپورٹس بھی اس عظیم الشان فیسٹیول کا حصہ ہونگی۔ ذیشان حیدر کی تحریک پر وزیراعظم نے جہلم ویلی ٹورازم فیسٹیول کا افتتاح کیا اور فیسٹیول کے لئے1 کروڑ روپے کے فنڈز مہیا کرنے کا اعلان کیا۔ ٹورازم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت کا وسیع پوٹینشل موجود ہے اسے بروئے کار لانے کے لیے ترجیحی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جہلم کا قدرتی حسن سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہے، یہاں پر سیاحت کے فروغ سے آزاد کشمیر میں کاروبار اور روزگار کے بے پناہ مواقع فراہم ہونگے۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ فیسٹیول کے کامیابی کے لئے وسائل کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔قبل ازیں دورہ جہلم ویلی کے موقع پر بڈھیارہ کے مقام پر عوام نے بڑی تعداد میں استقبال کیا،بڈھیارہ میں وزیر اعظم نے سمال انڈسٹری کے افتتاح کے بعد انڈسٹری کا معائنہ کیا۔ انڈسٹری مالک کی حوصلہ افزائی کی، حکومتی تعاون کی یقین دہانی کروائی، ماحول دوست بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ گڑھی دوپٹہ بازار کے مقام پر لوگوں کی بڑی تعداد نے انہیں ویلکم کیا۔ وزیراعظم نے گاڑی سے اتر کر لوگوں سے بات چیت کی اور مطالبات پر فوری احکامات جاری کیے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہو اں والا باغ میں واٹر رافٹنگ کا بھی معائنہ کیا۔انہیں واٹر رافٹنگ کے سکوپ کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔ سراں کے مقام پر لوگوں کی بڑی تعداد میں ان کا استقبال کیا اور کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالے سے اپنے مطالبات پیش کیے۔ ندول کے مقام پر بھی کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر پرتپاک استقبال کیا،پر جوش نعرہ بازی کی۔ہٹیاں بالا بازار میں بھی سردار تنویر الیاس خان کو عوام کے جم غفیر نے ویلکم کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور زبردست نعرے بازی کی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار