ایشیا اردو

انگلینڈ نے پاکستان کو تاریخ میں پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے وائٹ واش کردیا۔
انگلش کرکٹ ٹیم نے 167 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، انگلینڈ کے بین ڈیکٹ 82 اور کپتان بین سٹوکس نے 35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
گزشتہ روز کراچی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان کے167 رنز کے ہدف کے جواب میں مہمان انگلینڈ نے 2 وکٹ پر 112 رنزبنائے تھے۔
پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 216 رنز پر آؤٹ ہوئی، کپتان بابر اعظم 54 اور سعود شکیل 53 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کے ریحان احمد نے اننگز میں 5 اور میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بیٹرز نے دھواں دھار بیٹنگ کی لیکن میچ تیسرے روز مکمل نا کرسکے۔
چوتھا روز
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے 167 رنز کا ہدف محض 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، بین ڈکٹ نے 82 جبکہ کپتان بین سٹوکس نے 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، دیگر کھلاڑیوں میں زیک کرولی 41 جبکہ ریحان احمد نے 10 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔
تیسرا روز
پاکستان نے تیسرے روز بغیر کسی نقصان کے 21 رنز پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن پوری ٹیم 216 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، اوپنر شان مسعود 24 رنز، اظہر علی صفر اور عبداللہ شفیق 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابراعظم اور سعود شکیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز بنائے گئے لیکن یہاں بابراعظم 54 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا اور باری باری وکٹیں گنواتے رہے، محمد رضوان 7 رنز اور سعود شکیل 53 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
چائے کے وقفے کے بعد آل راؤنڈر فہیم اشرف ایک رن، نعمان علی 15 رنز، محمد وسیم 2 رنز اور آغا سلمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد نے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔
پاکستان نے تیسرے روز کے پہلے سیشن میں 24 اوورز میں تین وکٹیں گنوا کر 78 رنز بنائے جبکہ دوسرے سیشن میں 28 اوورز میں تین وکٹیں گنوا کر 78 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اظہر علی اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیل رہے تھے، آؤٹ ہونے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے اظہر علی کو ٹیم کی جانب سے بلے فضا میں لہرا کر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
پاکستان کے بعد انگلینڈ نے بیٹنگ کی اور 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلش بلے بازوں نے 112 رنز بنا ڈالے جبکہ اس کے محض دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
بین ڈکٹ 50 اور بین اسٹوکس 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 55 رنز درکار تھے۔
دوسرا روز
قومی ٹیم نے میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 21 رنز بنائے تھے، جس کے بعد انگلش ٹیم کی برتری صرف 29 رنز کی رہ گئی، انگلینڈ کی پوری ٹیم پاکستان کے خلاف 354 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
انگلش ٹیم نے دوسرے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 7 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، تاہم 58 کے مجموعی اسکور پر انکی وکٹیں گر گئیں، بین ڈکٹ 26 جبکہ جو روٹ بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے، دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر ریک کرولی صفر، اولی پوپ 51، کپتان بین اسٹوکس 26، مارک ووڈ 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 111 جبکہ بین فوکس نے 64 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے 4، 4 جبکہ محمد وسیم جونئیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلا روز
ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کے 304 رنز کے جواب میں انگلش ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ صفر پر گرگئی، انگلش کھلاڑی زیک کرولی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا، 18 رنز کے مجموعی سکور پر عبداللہ شفیق 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سلمان آغا 56، شان مسعود 30، اظہر علی 45، سعود شکیل 23، محمد رضوان 19، فہیم اشرف 4، نعمان علی 20، ابرار احمد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابراعظم نے 9 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ رن آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کی جانب سے باؤلر جیک لیچ نے 4 وکٹیں حاصل کیں، ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد نے 2 جبکہ اولی روبنسن، مارک ووڈ، اور جو روٹ ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
قومی ٹیم کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں بڑا ہدف رکھیں تاکہ انہیں پریشر میں لایا جاسکے۔
بابراعظم نے مزید کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں محمد وسیم جونیئر ڈیبیو کر رہے ہیں، اس کے علاوہ اظہر علی، نعمان علی اور شان مسعود کو بھی پیلنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر انگلش کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے تاہم کوشش ہوگی پہلے سیشن میں جلد وکٹیں لے کر پاکستان کے لیے مشکلات کھڑی کردیں۔
پاکستان کا اسکواڈ
کپتان بابراعظم، شان مسعود، اظہر علی، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، آغا سلمان سعود شکیل، فہیم اشرفم، نعمان علی، محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد شامل تھے۔
انگلینڈ کا اسکواڈ
کپتان بین اسٹوکس، بین ڈکٹ، زیک کرولی، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین فوکس، ریحان احمد، اولی روبنسن، جیک لیچ اور مارک ووڈ حصہ رہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار