ایشیا اردو

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے فی ایکڑ لاگت میں کمی آئے گی۔
وزیرِاعظم کے زیر صدارت کسان پیکیج پر عملدرآمد اور ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئزیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر جلد منتقلی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ڈیزل اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہونے سے قیمتی زرِ مبادلہ کی بچت ہوگی۔
شہباز شریف نے وزیر توانائی، سیکرٹری اور ان کی ٹیم کی تجاویز کی تعریف کی اور کہا کہ کسان پیکیج پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، کسان پیکیج پر کسانوں کی تمام تنظیموں کو مشاورت کا حصہ بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ کسان پیکیج پر عملدرآمد کیلئے صوبوں سے مشاورت و تعاون کو بھی یقینی بنایا جائے، خوردنی تیل کی پیداوار مزید بڑھانے کیلئے ایکسپرٹس کی کمیٹی کی مشاورت سے حکمتِ عملی تشکیل دی جائے، انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار کیلئے کلائمٹ ریزیلئنٹ بیج متعارف کروانے کے اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔
اجلاس کو پاور ڈویژن کی طرف سے بریفنگ دی گئی کہ زرعی ٹیوب ویلز کی سولر پر منتقلی کے منصوبے حتمی مراحل میں ہیں، اقدام سے ملک کے ڈیزل اور درآمدی ایندھن کی مد میں سالانہ 3.61 ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔
بریفنگ کے دوران حکام نے بتایا کہ چھوٹے کسانوں کو اس وقت 816.5 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں، رواں سال 6 لاکھ 32 ہزار ہیکٹرز پر خوردنی تیل کے بیجوں کی کاشت ہوئی، کلائمٹ ریزیلئنٹ بیجوں کو متعارف کرانے کیلئے بین الاقوامی کمپنیوں سے رابطے میں ہیں، اس پر بہت جلد مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار