چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، بھارت سمیت تمام ٹیمیں آئیں گی:محسن نقوی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اسلام آباد میں دبئی طرز کا نیا کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا اعلان کردیا۔
لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، بھارت سمیت تمام ٹیمیں اس میں شرکت کریں گی۔
قذافی سٹیڈیم کے دورہ کے موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کےسیکرٹری جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے سے کوئی پریشانی نہیں، ان کے ساتھ رابطہ رہتا ہے، اے سی سی میٹنگز میں بھی ان سے ملاقات رہتی ہے اور آئی سی سی سمیت ہر ممبر ملک کے ساتھ بات چیت ہوتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 30 ستمبر تک قذافی سٹیڈیم کی بیسمنٹ مکمل ہوجائے گی، تین تین ہفتے میں ایک ایک فلور بن جائے گا،فرنٹ بلڈنگ سٹیل سٹرکچر پر مشتمل ہے، 31 دسمبر تک قذافی سٹیڈیم کی مین بلڈنگ مکمل کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2007-2006 میں بننے والے راولپنڈی سٹیڈیم کی حالت بہت خراب ہے، راولپنڈی سٹیڈیم سارا گرا کر بنانا پڑے گا، چیمپئنز ٹرافی میں سٹیڈیم میں سیٹیں لگا دی جائیں گی، کراچی سٹیڈیم بھی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے مکمل کرلیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں دبئی جیسا نیا سٹیڈیم بنایا جائے گا جبکہ قذافی سٹیڈیم کے قریب ہوٹل کا کام چیمپئنز ٹرافی کے بعد شروع ہوگا، انٹرنیشنل ہوٹل چین کو لایا جائے گا جس سے بورڈ کو ریونیو ملے گا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس سے متعلق محسن نقوی نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس 8 اور 9 ستمبر کو ہے، اجلاس میں شرکت نہیں کر سکوں گا، سلمان نصیر اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس میں نئے صدر کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
Leave A Comment