واٹس ایپ کی جانب سے کافی عرصے سے ایک اکاؤنٹ یا فون نمبر بیک وقت کئی ڈیوائسز میں استعمال کرنے کی سپورٹ فراہم کرنے کے لیے کام کیا جارہا تھا اور اب آخر کار اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
جون 2021 کے آغاز میں پہلی بار واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر پر کام کرنے کی تصدیق کی گئی تھی۔
یعنی لگ بھگ 2 سال سے اس فیچر پر کام کیا جا رہا تھا اور اور ٹیبلیٹس کی حد تک اسے متعارف کرا دیا گیا تھا، مگر اب اسے اسمارٹ فونز میں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
میٹا کی زیر ملکیت کمپنی کی جانب سے ملٹی ڈیوائس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ بیک وقت 4 اسمارٹ فونز میں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین استعمال کر سکیں گے۔
اس ملٹی ڈیوائس فیچر سے جس فون پر بھی واٹس ایپ کو اوپن کیا جائے گا، اس میں مرکزی فون پر موجود ایک سال پرانے میسجز اور فائلز کو دیکھنا ممکن ہوگا۔
فیچر استعمال کیسے کریں؟
ایک فون نمبر کو اب 4 اسمارٹ فونز میں استعمال کرنا ممکن ہوگا / فوٹو بشکریہ میٹا
اس مقصد کے لیے کسی بھی اسمارٹ فون میں واٹس ایپ انسٹال کرکے اسے اوپن کریں۔
ایسا کرنے کے بعد اپنا فون نمبر درج کرنے کی بجائے link to existing account کے آپشن پر کلک کریں۔
ایسا کرنے کے بعد اپنے مرکزی فون پر سیٹنگز میں موجود لنک اے ڈیوائس کے ذریعے کیو آر کوڈ کو اسکین کریں اور آپ کا اکاؤنٹ دوسرے فون پر بھی کام کرنے لگے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ نیا فیچر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ فیچر ان افراد کے لیے مددگار ثابت ہوگا جن کے پاس ایک سے زیادہ اسمارٹ فونز ہوتے ہیں اور وہ سب ڈیوائسز کو ایک ہی واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک کرنا چاہتے ہیں۔
اگرچہ آپ جس فون سے دیگر ڈیوائسز پر لاگ ان ہوں گے وہ پرائمری ڈیوائس تصور کی جائے گی، مگر دیگر فونز پر میسجز موصول کرنے یا بھیجنے کے لیے اس فون کو آن رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
تاہم اگر پرائمری ڈیوائس 14 دن تک غیر متحرک رہی تو واٹس ایپ کی جانب سے دیگر ڈیوائسز سے بھی اکاؤنٹ کو لاگ آؤٹ کر دیا جائے گا۔
ویسے آپ پرائمری فون کے ذریعے بھی لنکڈ ڈیوائسز سے لاگ آؤٹ ہو سکتے ہیں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار