لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لاہور میں مصنوعی بارش برسانے، سموگ ریڈکشن ٹاور کی تنصیب کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں تحفظ ماحولیات، زراعت، خزانہ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، وفاقی اور عسکری اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ تحفظ ماحولیات کے حکام نے مصنوعی بارش برسانے کیلئے کلاؤڈ سیڈنگ، کلاؤڈ آؤنائزیشن کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ کلاؤڈ سیڈنگ کیلئے پہلا ٹرائل چار سے چھ ہفتے میں متوقع ہے، ہوائی جہاز استعمال کرتے ہوئے کیمیائی عمل کے ذریعے کلاؤڈ سیڈنگ کا زیادہ انحصارموسمی حالات، بادلوں کی تشکیل پر ہے، کلاؤڈ آؤنائزیشن کیلئے دبئی کی کمپنی سے ایم او یو آخری مراحل میں ہے۔
دوران بریفنگ مزید کہا گیا کہ اگلے چھ ہفتوں میں دبئی کی کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ پانچ سسٹمز کے ذریعے لاہور میں منتخب جگہوں پر کلاؤڈ آؤنائزیشن کا تجربہ کیا جائے گا، لاہور میں سموگ ریڈکشن ٹاورز کی تنصیب کیلئے ماہرین کی ٹیم اگلے ماہ چین جائے گی، منصوبوں کی نگرانی کیلئے محکمہ تحفظ ماحولیات میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت سموگ کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، پنجاب میں سموگ کی روک تھام کی کوششوں میں وفاقی اور عسکری اداروں کا تعاون قابل ستائش ہے۔
اجلاس کے دوران مصنوعی بارش برسانے کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ورکنگ گروپ وفاقی و صوبائی محکموں اور ریسرچ سے وابستہ اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار