لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ میں 5 سے 8 نومبر تک ریلی کے مقابلے ہوں گے، ثقافتی شوز اور فیملی گالا بھی منعقد کیے جائیں گے

ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کے زیر اہتمام گیارہویں تھل ڈیزرٹ ریلی 5 سے 8 نومبر 2026 تک صحرائے تھل میں منعقد ہوگی۔ ریلی میں ملکی و غیر ملکی ریسرز 210 کلومیٹر طویل ٹریک پر مختلف کیٹیگریز میں اپنی مہارت کے جوہر دکھائیں گے۔

منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا کے مطابق ریلی کے انعقاد کا مقصد ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینا، جنوبی پنجاب کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاحوں اور شرکاء کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات جاری ہیں۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق 5 نومبر کو کوٹ ادو کے علاقے چھانگا مانگا ٹیلا میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، تکنیکی جانچ اور طبی معائنہ ہوگا، جبکہ شام کو ٹی ڈی سی پی ڈولفن ریزورٹ، تونسہ بیراج میں ڈرائیورز کانفرنس اور قرعہ اندازی منعقد کی جائے گی۔

ریلی کا کوالیفائنگ راؤنڈ 6 نومبر کو ہوگا، جبکہ 7 نومبر کو اسٹاک کیٹیگری کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ اسی شام ڈولفن ریزورٹ میں ثقافتی پروگرام اور آتش بازی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق 8 نومبر کو پری پیئرڈ، ویمن، ڈرٹ بائیک، کواڈ بائیک اور 6x6 کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے۔ ریلی کی تقریبِ تقسیمِ انعامات رات 8 بجے سرکٹ ہاؤس مظفرگڑھ میں منعقد ہوگی۔

ریلی کے دوران لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ میں ثقافتی شوز، فیملی گالا، جھمر، میوزیکل نائٹس، نیزہ بازی اور روایتی کھیلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

ٹی ڈی سی پی کے مطابق تھل ڈیزرٹ ریلی جنوبی پنجاب کی سیاحت اور ثقافت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی کاروبار اور معیشت کے لیے بھی اہم ثابت ہوگی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار