ملتان: ٹریفک حادثہ، مسافر بس کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق
ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں ناصر موڑ کے قریب تیز رفتار مسافر بس نے دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں، جس نے علاقے میں کہرام برپا کر دیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق چک سرائے سے بتایا جا رہا ہے۔ ان کی شناخت ابوبکر، حمزہ، یاسر اور محمد علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو سول ہسپتال شجاع آباد منتقل کر دیا ہے۔ واقعہ کے بعد مسافر بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بس کی رفتار بہت زیادہ تھی اور ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل سواروں کو موقع پر ہی دم توڑنا پڑا۔ پولیس نے حادثے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔



Leave A Comment