آزاد جموں و کشمیر کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں میرپور ڈویژن سے آنے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے 13 میں سے 8 نشستوں پر کامیابی سمیٹ لی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ ایک نشست کا حتمی نتیجہ تاحال جاری نہیں کیا گیا۔

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے اب تک تین حلقوں کے سرکاری نتائج جاری کیے ہیں، جبکہ دیگر حلقوں کے غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ڈڈیال، کھڑی شریف، برنالہ، بھمبر، نکیال، سہنسہ، چڑہوئی اور کھوئی رٹہ میں کامیابی حاصل کی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے چکسواری، میرپور سٹی، راج محل اور کوٹلی سٹی کی نشستیں اپنے نام کیں۔

انتخابات میں کئی اہم سیاسی شخصیات کو شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ سابق وزیراعظم چودھری انوارالحق بھمبر کے حلقہ ایل اے 7 سے مسلم لیگ (ن) کے چودھری طارق فاروق کے ہاتھوں شکست کھا گئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید اقبال بڈھانوی، ولید انقلابی اور چودھری یاسین بھی اپنی آبائی نشستوں پر کامیاب نہ ہو سکے۔

حلقہ ایل اے 6 سماہنی میں پولنگ کے دوران ووٹ جلانے کے واقعے کے باعث حتمی نتیجہ جاری نہیں کیا جا سکا، تاہم غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری محمد رزاق کو واضح برتری حاصل ہے۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ انتخابات کا پہلا مرحلہ مجموعی طور پر آزادانہ، منصفانہ اور پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔ ان کے مطابق عوام نے بھرپور انداز میں حق رائے دہی استعمال کیا، جبکہ سماہنی میں انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے افراد کو گرفتار کیا گیا۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار