سرکاری محکموں کے شہید ملازمین کے لواحقین کیلئے امدادی پیکیج منظور
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سرکاری محکموں کے شہیدہونے والے ملازمین کے لواحقین کے لئے پولیس شہداء پیکیج کے برابر امدادی پیکیج دینے کی اصولی منظوری دے دی۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا 13 واں اجلاس ہوا جس میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے ایکسائز انسپکٹر محمد رفیع کے لواحقین اور زخمی انسپکٹر ثناء اللہ بھٹی کے لئے مالی امداد کا کیس پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مالی امداد کے کیس پر فوری نظر ثانی کا حکم دیا اور امدادی پیکیج کو پولیس شہداء پیکیج کے برابر کرنے کی ہدایت کی اورمحکمہ ایکسائز کے شہید انسپکٹرمحمد رفیع کے لواحقین اور زخمی ایکسائز انسپکٹر ثناء اللہ بھٹی کے لئے پولیس پیکیج کے برابر پیکیج کی منظوری بھی دی۔
واضح رہے کہ رحیم یار خان میں منشیات فروش کی فائرنگ سے ایکسائز انسپکٹر محمد رفیع شہید جبکہ انسپکٹر ثناء اللہ بھٹی شدید زخمی اور معذور ہو گئے تھے، شہید ایکسائز انسپکٹر محمد رفیع کی اہلیہ کینسر کی مریضہ ہیں۔
بعدازاں دوران اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سرکاری محکموں کے شہید ہونے والے ملازمین کے لواحقین کے لئے پولیس شہداء پیکیج کے برابر امدادی پیکیج دینے کی اصولی منظوری دے دی۔
محسن نقوی نے اس ضمن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، کمیٹی اس حوالے سے حتمی سفارشات تیار کرے گی اور کیسز کا جائزہ لے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اب کسی بھی سرکاری محکمے کے شہید ہونے والے افسر یا ملازم کے لواحقین کو پولیس شہداء کے برابر امدادی پیکیج دیا جائے گا، زخمی سرکاری ملازم کو بھی پولیس پیکیج کے برابر امدادی پیکیج ملے گا۔
کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں نگران صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، منصور قادر ودیگر شریک ہوئے، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے بھی اجلاس میں شرکت کی
Leave A Comment