ضمنی الیکشن: قومی اسمبلی کے 6 حلقوں پر پی ٹی آئی کو برتری، 2 پر پی پی آگے
ایشیا اردو
قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی الیکشن پر پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے، جبکہ نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی چھ سیٹوں پر تحریک انصاف آگے جبکہ دو قومی اسمبلی کی سیٹوں پر پیپلز پارٹی آگے ہے۔
یاد رہے کہ اپریل میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے مشترکہ طور پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسمبلی سے بڑے پیمانے پر مستعفی ہونے کے فیصلے کا اعلان پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے 11 اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخاب سے چند منٹ قبل اسمبلی کے فلور پر کیا تھا۔
خیال رہے کہ 29 جولائی کو قومی اسمبلی کے سپیکر راجا پرویز اشرف نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 11 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔
سپیکر کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں، ان میں این اے-22 مردان 3 سے علی محمد خان، این اے-24 چارسدہ 2 سے فضل محمد خان، این اے-31 پشاور 5 سے شوکت علی، این اے-45 کرم ون سے فخرزمان خان شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے دیگر اراکین میں این اے-108 فیصل آباد 8 سے فرخ حبیب، این اے-118 ننکانہ صاحب 2 سے اعجاز احمد شاہ، این اے-237 ملیر 2 سے جمیل احمد خان، این اے-239 کورنگی کراچی ون سے محمد اکرم چیمہ، این اے-246 کراچی جنوبی ون سے عبدالشکور شاد بھی شامل تھے۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار کے استعفے بھی منظور کیے گئے تھے۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے بعد ازاں عدالت سے رجوع کر کے بیان دیا تھا استعفیٰ دینے کا فیصلہ خالص سیاسی تھا، جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ دیدیا۔
عمران خان بمقابلہ پی ڈی ایم امیدواران
آج 16 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے جن 8 حلقوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ان میں سے این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 157 ملتان، این اے 237 ملیر کراچی اور این اے 239 کورنگی کراچی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے جن 3 حلقوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ان میں پی پی 241 بہاولنگر، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 139 شیخوپورہ شامل ہیں۔
ملکی سیاسی تاریخ میں منفرد مثال ہے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان 8 میں سے 7 نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔ جبکہ آٹھویں نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی پی ٹی آئی کی امیدوار ہیں۔جن کا مقابلہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی سے ہے۔
خیبرپختونخوا کے حلقے این اے 22 مردان میں جمیعت علما اسلام کی جانب سے مولانا قاسم جبکہ چارسدہ حلقہ این اے 24 سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل خان ولی کو ٹکٹ دیا گیا ہے، ان دونوں امیدواروں کی حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پی ڈی ایم امیدواروں کا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ہورہا ہے۔
پنجاب کی 3 نشستوں این اے 108 فیصل آباد، ننکانہ صاحب این اے 118 سے مسلم لیگ ن نے بالترتیب عابد شیر علی اور ڈاکٹر شذرہ منصب علی کو ٹکٹ دیا گیا، ان دونوں حلقوں پر بھی لیگی امیدواروں کے مدمقابل سابق وزیراعظم عمران خان ہیں۔
پنجاب میں ایک ہزار 434، خیبرپختونخوا میں 979 اور کراچی میں 340 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے ختم ہوا۔ ضمنی انتخابات میں خواتین کی دلچسپی ظاہر ہوگئی، ان کی جانب سے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جارہا ہے، خواتین کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 11 حلقوں میں 20 لاکھ 27 ہزار 733 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، خواتین کی پولنگ کے عمل میں خصوصی دلچسپی خوش آئند ہے، خواتین کی بڑی تعداد آج اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچی ہے، الیکشن کمیشن صنفی امتیاز کو ختم کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ 11 حلقوں میں خواتین کے لیے 713 پولنگ اسٹیشنز، ساڑھے 4 ہزار پولنگ بوتھ قائم ہیں، خواتین کے حق رائے دہی کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کر چکا ہے۔
_2022_10_16_20_04_24_31526551.jpg)
_2026_09_16_13_24_35_85734178.jpg)

Leave A Comment