چین میں سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی ممالک کے وزرا نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا جبکہ چین نےامن کی بحالی کیلئے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروادی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کے وزرا کے وفد نے پیر کے روز چین کے دارالحکومت بیجنگ کا دورہ کیا جہاں وزرا نے اہم ملاقات کی ، اس بیٹھک کو غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے اور علاقے میں انسانی امداد کی بحالی کیلئے دوروں کا پہلا قدم قرار دیا گیا ہے، اس دوران وزرا نے غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے عرب اور مسلم ممالک کے وزرا کے وفد کو بتایا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی میں مدد کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ وزرا کے وفد کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت رکھنے والے ممالک کے عہدیداروں سے بھی ملاقات ہوگی جس میں مغرب پر دباؤ ڈالا جائے گا کہ وہ اسرائیل کے اس مؤقف کو مسترد کرے کہ وہ غزہ میں اپنے حق دفاع میں حملے کررہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق چین کے اعلیٰ ترین سفارت کار سے ملنے والوں میں سعودی عرب، اردن، مصر، انڈونیشیا اور فلسطین کے وزرا سمیت او آئی سی کے اور دیگر حکام شامل تھے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے امریکا اور اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کررہا ہے
بیجنگ کے بعد یہی وزراء دوسرے کئی ممالک کا بھی دورہ کریں گے تاکہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی بنیادوں پر غزہ کے لوگوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل ممکن بنائی جائے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ سعودی دارالحکومت ریاض میں بھی غزہ کے معاملے پر اسلامک عرب سمٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں عالمی عدالت انصاف پر زور دیا گیا تھا کہ وہ غزہ میں انسانیت کے خلاف جنگ جرائم کی تحقیقات کرے۔
اسرائیل غزہ کی پٹی میں اہداف پر مسلسل بمباری اور زمینی حملے کر رہا ہے جس میں اب تک 13 ہزار فلسطینی شہید اور 10 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار