چینی وزارت خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورۂ چین کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ایران سمیت اہم علاقائی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔

بیجنگ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔ چین نے واضح کیا کہ وہ جنگ بندی کے فروغ اور سفارتی حل کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران تین چینی جہاز بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزرے، جس پر ایرانی حکام کے تعاون کو سراہا گیا۔ بیان میں جنگ کے دوران تاریخی مقامات کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار بھی کیا گیا۔

چین نے امریکا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کریں اور جنگ بندی کی جانب پیش رفت کریں۔ ساتھ ہی پانی کے منصوبوں اور جوہری تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔

چینی حکام نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔ چین نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ علاقائی امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار