ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، بالائی علاقوں میں برفباری
ایشیا اردو
لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، موسلا دھار بارش سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔ بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔
ملتان میں بھی رات سے جاری ہلکی بارش نے موسم مزید سرد کر دیا
ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا اسپیل جاری ، لاہور میں بادلوں اور بارش نے ایک جانب موسم حسین بنا دیا تو دوسری جانب بارش سے لیسکو کے 90 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، شادمان، برانڈرتھ روڈ، شاہ جمال، علی پارک میں بجلی منقطع ہو گئی۔ رائل پارک، شاہدرہ، بیگم کوٹ، داتا نگر اور سگیاں کے علاوہ جوہرٹاؤن ،اچھرہ ،مزنگ ،شادی پورہ اور راوی روڈ کے علاقے بجلی سے محروم رہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔
صوبے کے دیگر شہروں گجرات، ننکانہ صاحب اور منچن آباد میں بھی بادل خوب برسے، جھنگ،پیر محل اور صفدر آباد میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔مظفر گڑھ شہر اور گردونواح میں گزشثہ رات سے وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، اوچ شریف میں بھی مینہ برستا رہا۔
ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے، خیبرپختونخوا میں میرانشاہ سمیت دیگر پہاڑی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ وادی نیلم میں ایک دن کے وقفے کے بعد بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہے، کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی شدید سردی کا راج ہے۔

_2026_09_16_13_24_35_85734178.jpg)

Leave A Comment