ملک بھر میں سرد اور خشک موسم،پہاڑی علاقوں میں برف باری
اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، جبکہ خطۂ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے۔
اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی متوقع ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، بہاولپور اور رحیم یار خان سمیت مختلف اضلاع میں دھند چھائے رہنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم سکھر، لاڑکانہ، دادو اور شہید بینظیرآباد کے گردونواح میں دھند متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے، پشاور، مردان اور ڈی آئی خان سمیت کئی علاقوں میں دھند کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا، جبکہ کشمیر میں بھی شدید سردی کے ساتھ صبح کے وقت کہرا پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔



Leave A Comment