ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش دھماکا، 11 افراد شہید، متعدد زخمی
ڈی آئی خان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔ واقعہ ہفتے کو درازندہ کے علاقے میں پیش آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارود سے بھری گاڑی کو امن میلہ پولیس چیک پوسٹ سے ٹکرایا گیا، جس کے بعد شدید دھماکا ہوا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور 2 سالہ بچہ شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حملے میں انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم حملے کی ذمہ داری اور اس میں ملوث عناصر سے متعلق حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Slug:


_2026_09_29_09_59_05_26355259.jpg)
Leave A Comment