دبئی فیوچر ویک 2026ء میں اے آئی سے متعلق دوسری سالانہ رپورٹ جاری، سرکاری خدمات کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے نئی حکمت عملی متعارف

دبئی: متحدہ عرب امارات نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے دبئی کے 20 سرکاری اداروں میں 90 سے زائد مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کو عملی طور پر فعال کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری خدمات کو جدید، مؤثر اور شہریوں کی ضروریات کے مطابق بنانا ہے۔

ڈیجیٹل دبئی اور دبئی فیوچر فاؤنڈیشن نے دبئی فیوچر ویک 2026ء کے دوران مصنوعی ذہانت سے متعلق دوسری سالانہ رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دبئی محدود تجرباتی منصوبوں سے آگے بڑھ کر سرکاری خدمات اور انتظامی نظام میں مصنوعی ذہانت کے وسیع پیمانے پر استعمال کے نئے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔

دبئی اسٹیٹ آف اے آئی رپورٹ 2026ء کو ’’اسکیلنگ ود ٹرسٹ‘‘ کے عنوان سے جاری کیا گیا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال، شہریوں کو حاصل ہونے والے فوائد، انتظامی چیلنجز اور مستقبل کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

ڈیجیٹل دبئی کے ڈائریکٹر جنرل حمد عبید المنصوری نے کہا کہ دبئی کا مقصد صرف جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانا نہیں بلکہ سرکاری خدمات کو زیادہ مؤثر، مربوط اور شہریوں کی ضروریات کے مطابق بنانا ہے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت کے استعمال میں شفافیت، اعتماد اور انسانی نگرانی کو بنیادی اہمیت قرار دیا۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق رپورٹ میں دبئی کے سرکاری اداروں میں مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال کو ایک بڑی انتظامی تبدیلی قرار دیا گیا ہے۔ دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو خلفان بالہول کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی اصل کامیابی اس کے ذریعے معاشرے اور شہریوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔

رپورٹ میں نجی شعبے اور تعلیمی اداروں کی آرا بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ مصنوعی ذہانت کے بڑے پیمانے پر استعمال کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جاسکے۔

رپورٹ میں مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک نیا انتظامی تصور بھی پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت ٹیکنالوجی کی تعداد کے بجائے اس کے حقیقی سماجی اور معاشی فوائد کو کامیابی کا معیار بنایا جائے گا۔

حکام کے مطابق رپورٹ کے نتائج کو 2027ء میں دبئی کی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس حکمت عملی سے دبئی کو دنیا کے جدید ترین اور ذمہ دارانہ انداز میں مصنوعی ذہانت استعمال کرنے والے شہروں میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار