فیسکو کی نجکاری کے عمل میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے نمایاں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ نجکاری کمیشن کے مطابق کمپنی کی نجکاری کے لیے مجموعی طور پر 12 اظہارِ دلچسپی موصول ہوئے ہیں۔

موصول ہونے والے اظہارِ دلچسپی میں سرمایہ کاروں نے فیسکو کے 51 سے 100 فیصد تک حصص خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ان میں ترکیہ کے 3، چین کے ایک جبکہ پاکستان کے 8 کاروباری گروپس شامل ہیں۔

نجکاری کمیشن کے مطابق پری کوالیفکیشن مرحلے میں موصول ہونے والے اظہارِ دلچسپی اور دیگر متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اہل قرار پانے والے سرمایہ کاروں کو نجکاری کے اگلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا اور انہیں ورچوئل ڈیٹا روم تک رسائی دی جائے گی۔

حکام کے مطابق فیسکو کی نجکاری کا مقصد کمپنی کی کارکردگی بہتر بنانا، بجلی کی تقسیم کے نظام کو مضبوط کرنا، لائن لاسز کم کرنا اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس عمل سے توانائی کے شعبے کو مالی طور پر زیادہ مستحکم بنانے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق فیسکو، جیپکو اور آئیسکو کو ڈسکوز کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل کیا گیا ہے۔ جیپکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اگست جبکہ آئیسکو کے لیے 7 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار