ملتان: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ جعل سازی اور دھوکہ دہی کے ذریعے سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے والی خاتون مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق نادیہ کنول نامی خاتون پرواز نمبر PF-702 کے ذریعے عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہو رہی تھی۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران خاتون نے خود کو شادی شدہ ظاہر کرتے ہوئے محمد شاہد نامی شہری کے اقامے کی دستاویزات پیش کیں۔

حکام کے مطابق دستاویزات اور خاتون کے بیانات مشکوک ہونے پر ریکارڈ نادرا سے تصدیق کے لیے بھجوایا گیا، جہاں خاتون کی جانب سے پیش کردہ پاسپورٹ اور اقامہ غیر متعلقہ قرار پائے۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ خاتون نے مبینہ طور پر ایک ایجنٹ کی ملی بھگت سے دوسرے شخص کو اپنا شوہر ظاہر کرکے سعودی عرب جانے کی کوشش کی۔ آئی بی ایم ایس ریکارڈ کے مطابق خاتون کا اصل شوہر پاکستان میں مقیم ہے اور اس نے کبھی بیرون ملک سفر نہیں کیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق خاتون ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری کردہ رسک پروفائلنگ کیٹیگری ون میں شامل تھی۔ خاتون کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار