سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ انتقال کر گئے، پاک فوج کا اظہارِ افسوس
راولپنڈی: سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ 89 برس کی عمر میں راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی نمایاں عسکری خدمات، قیادت اور پاک فوج کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ادارہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کا شریک ہے اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کرتا ہے۔
جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ نے 1959 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ وہ 12 جنوری 1993 سے 11 جنوری 1996 تک پاکستان کے آرمی چیف کے عہدے پر فائز رہے۔
صدرِ مملکت کا اظہارِ افسوس
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر زرداری نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔ صدرِ مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل دے۔ <Cite refs
وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ تعزیت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے پاک فوج کے لیے مرحوم کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

_2026_10_27_13_00_34_15723905.jpg)

Leave A Comment