گلگت بلتستان میں ووٹوں کی جنگ کا آغاز، 24 نشستوں پر پولنگ، سخت سکیورٹی انتظامات نافذ
گلگت بلتستان میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے 24 نشستوں پر پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
انتخابات میں مجموعی طور پر 403 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جس کے باعث سیاسی میدان میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں موجود ہیں جن میں بڑی جماعتوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 9 لاکھ 58 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ سے زائد جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ سے زیادہ ہے۔
انتخابات کے لیے 1391 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے متعدد کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ انتخابات پرامن اور شفاف طریقے سے منعقد ہو سکیں۔
حکام کے مطابق ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے مکمل سکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے، جبکہ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون اور ویڈیو ریکارڈنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔



Leave A Comment