بغیراجازت ذاتی واش روم استعمال, ڈی پی اوحافظ آباد کا تنازع سوشل میڈیا پر ہنگامہ
وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے سیاسی حلقوں میں اس وقت ایک انوکھا اور حیران کن واقعہ موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، جہاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) کے ذاتی واش روم کے استعمال پر پیدا ہونے والے تنازع کے بعد ڈی پی او حافظ آباد کا ہنگامی تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی (MPA) شاہد حسین بھٹی اپنے بیٹے حیدر بھٹی اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ڈی پی او آفس حافظ آباد آئے تھے۔ اس دوران ڈی پی او کامران حامد اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایم پی اے کے بیٹے حیدر بھٹی نے ڈی پی او کے ذاتی کمرے (انر کیبن) کا واش روم استعمال کیا۔ حیدر بھٹی جب واش روم سے باہر نکلے تو ڈی پی او کامران حامد وہاں پہنچ چکے تھے۔ اپنے ذاتی واش روم کا استعمال دیکھنے پر ڈی پی او اور ایم پی اے کے بیٹے کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی، جس پر ڈی پی او نے مبینہ طور پر حیدر بھٹی کو سخت لہجے میں "Get Lost" (یہاں سے دفع ہو جاؤ) کہہ دیا۔
سیاسی اثر و رسوخ اور تبادلہ: اس واقعے کے بعد حافظ آباد کے بااثر سیاسی خاندان اور لیگی ایم پی اے کی جانب سے شدید سیاسی زور آزمائی شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں گزشتہ روز ڈی پی او کامران حامد کو حافظ آباد سے تبدیل کر کے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PCSA) میں تعینات کر دیا گیا۔ ڈی پی او کے تبادلے کے فوراً بعد ایم پی اے کے بیٹے حیدر بھٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ایک انتہائی متنازع پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا: "Now You Get Lost" (اب تم دفع ہو جاؤ)۔
مبینہ آڈیو بھی وائرل: معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا بلکہ اس دوران حافظ آباد کے سابق ایم پی اے مامون جعفر تارڑ کی ایک مبینہ آڈیو ریکارڈنگ بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ اس پورے واقعے اور واش روم کے استعمال پر ہونے والے تنازع کا تذکرہ کر رہے ہیں۔ عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ایک واش روم کے استعمال پر ڈی پی او جیسے اہم عہدیدار کے تبادلے اور سیاسی مداخلت پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

_2026_09_16_13_24_35_85734178.jpg)

Leave A Comment