حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ آج ادا، میدانِ عرفات میں لاکھوں عازمین کی دعاؤں کا سلسلہ جاری
سعودی عرب میں حج کے مقدس مناسک جاری ہیں اور آج 9 ذوالحجہ کو حج کا سب سے اہم رکن ’’وقوفِ عرفہ‘‘ ادا کیا جا رہا ہے۔ دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج اس وقت میدانِ عرفات میں موجود ہیں جہاں وہ عبادات، دعا اور استغفار میں مصروف ہیں۔
اس سے قبل عازمین حج قافلوں کی صورت میں مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچے تھے جہاں انہوں نے ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کیں اور رات بھر عبادت، تلاوتِ قرآن اور ذکر و اذکار میں گزاری۔ منیٰ میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے اور فضا ’’لبیک اللھم لبیک‘‘ کی صداؤں سے گونجتی رہی۔
آج عازمین میدانِ عرفات میں مسجدِ نمرہ سے خطبہ حج سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔ سورج غروب ہونے تک دعا اور توبہ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
غروب آفتاب کے بعد حجاج مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور مغرب و عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے، ساتھ ہی آئندہ کے مناسک کیلئے کنکریاں بھی جمع کریں گے۔
بعد ازاں 10 ذوالحجہ کو حجاج منیٰ واپس پہنچ کر رمی، قربانی، حلق اور طوافِ زیارت جیسے اہم مناسک ادا کریں گے۔ یہ سلسلہ 12 ذوالحجہ تک جاری رہے گا جس کے بعد حج کے تمام ارکان مکمل ہو جائیں گے۔
سعودی حکومت کی جانب سے شدید گرمی اور موسم کے خدشات کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں سایہ دار شیڈز، کولنگ فینز اور جدید سہولیات شامل ہیں تاکہ عازمین کو آسانی فراہم کی جا سکے۔
_2026_05_26_14_16_19_95348259.jpg)


Leave A Comment