راولپنڈی: پنجاب کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بینظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور اسپتال میں زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافے اور پانی رساؤ کے مسئلے کا جائزہ لیا۔

وزیر صحت نے بیسمنٹ میں پانی رساؤ کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسپتال کے انفراسٹرکچر کو محفوظ بنانا ضروری ہے تاکہ مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

بعد ازاں وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سی اینڈ ڈبلیو، واسا اور اسپتال انتظامیہ نے زیرِ زمین پانی کی سطح اور رساؤ کے مسائل پر بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ مسئلے کی بڑی وجہ علاقے میں زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے مسئلے کے پائیدار حل کے لیے سائنسی بنیادوں پر اسٹڈی اور فوری سروے کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اسپتالوں میں صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے زچہ بچہ اسپتال کا بھی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار