انڈونیشیا میں 7.6 شدت کا زلزلہ، ایک خاتون جاں بحق، سونامی وارننگ ختم
جکارتہ میں انڈونیشیا کے صوبہ مالوکو میں 7.6 شدت کے طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک 70 سالہ خاتون ہلاک ہو گئی۔ زلزلے کے بعد ابتدائی طور پر سونامی وارننگ جاری کی گئی، تاہم بعد میں اسے واپس لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق زلزلے کے بعد سمندر کی سطح میں کوئی غیر معمولی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی، جس کے باعث سونامی کا خطرہ ختم قرار دیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکے 10 سے 20 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق خاتون عمارت کا ملبہ گرنے کے باعث دب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ جزیرہ ٹیرنیٹ میں ہلکے سے درمیانے درجے کے نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حکام نے ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں زلزلے کے بعد دو آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں، جس کے باعث صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
_2026_04_02_16_04_19_72561281.jpg)


Leave A Comment