اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردی کا خطرہ خطے کے امن اور ترقی کی کوششوں کو متاثر کر رہا ہے، طالبان حکومت کو پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات دور کرنے کے لیے کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگر وابستہ گروہوں کے خلاف ٹھوس اور قابلِ تصدیق اقدامات کرنا ہوں گے۔ای سی او کونسل کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو خطے میں مکمل طور پر ضم ہو اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن سے رہے۔ پاکستان نے اسی مقصد کے تحت افغانستان کے ساتھ تعمیری روابط کی پالیسی اپنائی اور دوطرفہ و ٹرانزٹ تجارت کے لیے مختلف سہولتیں بھی فراہم کی ہیں۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی واحد توقع ہے کہ طالبان حکومت اس کے جائز سکیورٹی خدشات دور کرے اور ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگر گروہوں کے خلاف ٹھوس اور قابلِ تصدیق کارروائی کرے، جو پاکستان کی خودمختاری اور شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی اسی وقت ممکن ہے جب افغانستان سے دہشت گردی کے خطرے کا خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے ای سی او خطے کی اقتصادی صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 80 لاکھ مربع کلومیٹر رقبے اور تقریباً 50 کروڑ آبادی پر مشتمل یہ خطہ عالمی تجارت میں تقریباً 2.2 فیصد حصہ رکھتا ہے، جس سے علاقائی تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے وسیع امکانات ظاہر ہوتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ وسطی اور جنوبی ایشیا کو ملانے والے رابطہ کاری کے منصوبوں سے خطے کی اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ پاکستان خطے کے لیے گیٹ وے کا کردار ادا کرنے اور وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب کی بندرگاہوں سے ملانے والے اہم تجارتی راستوں کو فعال بنانے کے لیے تیار ہے۔اسحاق ڈار نے ویزا نظام میں بہتری، اشیا اور افراد کی نقل و حرکت آسان بنانے، ڈیجیٹل انضمام اور ٹرانزٹ نظام کو بہتر بنانے کو بھی علاقائی تعاون کے اہم نکات قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ای سی او کے 2026 سے 2035 کے سٹریٹجک اہداف آنے والی دہائی میں علاقائی تعاون کے لیے ایک عملی اور پرعزم فریم ورک فراہم کریں گے۔نائب وزیراعظم نے نومبر میں اسلام آباد میں ای سی او کونسل وزرائے خارجہ کے 30ویں اجلاس کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام رکن ممالک اور ای سی او سیکریٹریٹ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار