کراچی میں لینڈ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، اربوں کی ریلوے اراضی واگزار
کراچی میں لینڈ مافیا کے خلاف بڑے آپریشن کے دوران 1 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری ریلوے اراضی واگزار کرا لی گئی۔
کارروائی ایس پی ریلوے کی نگرانی میں کی گئی، جس میں 12 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ آپریشن کے دوران کراچی سرکلر ریلوے کے الائنمنٹ، دیہ دوزان، ڈاؤ ہسپتال کے قریب اور کنگ کلاسک اپارٹمنٹس کے عقب میں واقع 2.72 ایکڑ زمین کو قبضہ مافیا سے خالی کرایا گیا۔
حکام کے مطابق یہ اراضی پاکستان ریلویز کی ملکیت ہے اور کراچی سرکلر ریلوے کے مخصوص کوریڈور کا حصہ ہے۔ مذکورہ زمین پر “شیخانی اسکائی ٹاورز” کے نام سے نجی منصوبہ جاری تھا، جو غیر قانونی قبضے کے تحت قائم کیا گیا تھا۔
عدالت میں زیر سماعت مقدمے میں اسٹیٹس کو آرڈر ختم ہونے کے بعد پاکستان ریلویز نے ریلوے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے قانونی کارروائی کرتے ہوئے زمین واپس حاصل کر لی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ملک بھر میں ریلوے اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کی مہم جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قومی اثاثوں پر غیر قانونی قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ کارروائی کراچی ڈویژن میں ریلوے اراضی کے تحفظ کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
_2026_05_31_08_55_49_22412373.jpg)


Leave A Comment