خانیوال: شالیمار بس میں فائرنگ، کنڈیکٹر زخمی، ملزم گرفتار
خانیوال میں کوٹ اسلام کے قریب شالیمار بس میں مسافر اور کنڈیکٹر کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں بس کا کنڈیکٹر زخمی ہو گیا۔


ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے کنڈیکٹر کی شناخت 46 سالہ عامر ولد الطاف کے نام سے ہوئی، جسے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال کبیر والا منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد حیدر اسکواڈ کوٹ اسلام حویلی کورنگا کے اہلکار آصف علی چوہدری اور امجد علی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدر اسکواڈ علاقے میں ڈیوٹی پر موجود تھا کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے کوٹ اسلام بازار میں داخل ہوا، تاہم اہلکاروں نے فوری تعاقب کر کے اسے قابو میں لے لیا۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔



Leave A Comment