خانیوال: ہزارہ ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی، بوگی پٹری سے اتر گئی
خانیوال/عبدالحکیم: حویلیاں سے کراچی جانے والی ہزارہ ایکسپریس (11 اپ) ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، جب اس کی ایک بوگی عبدالحکیم ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی۔ واقعے کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن دونوں سائیڈز پر ٹریفک عارضی طور پر متاثر ہوئی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق بوگی کے پٹری سے اترنے کے باعث متعدد ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی مسافر زخمی ہوا۔
واقعے کے بعد ریلوے حکام اور عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور بوگی کو پٹری پر واپس لانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے اور ٹرین سروس کو جلد معمول پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



Leave A Comment