ایل پی جی ایسوسی ایشنز کا 16 نومبر سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان، فروخت بند کرنے کا فیصلہ
مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) ایسوسی ایشنز نے حکومت کے نئے قیمتوں کے تعین کے فارمولے کے خلاف 16 نومبر سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ایل پی جی مارکیٹس ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین علی حیدر نے حکومتی پرائسنگ فارمولے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 نومبر سے ملک بھر میں ایل پی جی کی فروخت بند کر دی جائے گی۔ ان کے مطابق تمام ایسوسی ایشنز کے ہنگامی اجلاس میں حکومتی فارمولے کے خلاف ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ نئے فارمولے سے ایل پی جی کی قیمتوں میں 25 سے 30 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب اوگرا نے نومبر کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے 73 پیسے فی کلوگرام اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق نئی قیمت 294 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے اور اس کا اطلاق یکم نومبر سے ہو چکا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 173 روپے 86 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے مقرر ہوئی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مارکیٹ میں ایل پی جی اوگرا کی مقرر کردہ قیمت سے دگنی قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔


_2026_10_26_11_47_44_10294148.jpg)
Leave A Comment