خاتون کو لفٹ کی آفر کر کے ہراساں کرنے والا شخص گرفتار
ایبٹ آباد کے علاقے سکندر آباد میں پولیس نے ایک شخص کو اس وقت گرفتار کر لیا جب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اسے ایک خاتون کو مبینہ طور پر ہراساں کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہد عرف قاری، سکنہ نتھیا گلی، کے نام سے کی گئی ہے۔
واقعہ کاکول روڈ پر پیش آیا جہاں ایک اکیلی خاتون سڑک کنارے کھڑی تھیں۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ملزم خاتون کو بار بار لفٹ کی پیشکش کرتا رہا، تاہم خاتون کی جانب سے واضح انکار کے باوجود بھی وہ مسلسل اصرار کرتا رہا، جس پر صورتحال مبینہ طور پر ہراسانی کی شکل اختیار کر گئی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور ملزم کو ٹریس کر کے تھانہ سکندر آباد منتقل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 294 اور 354 کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے حوالات میں بند کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ لفٹ کی پیشکش نیک نیتی تھی یا ہراسانی کے جذبے کے تحت کی گئی۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا، جہاں صارفین نے پولیس کی کارروائی کو سراہنے کے ساتھ ساتھ اس تنقید کا اظہار بھی کیا کہ اسلام آباد میں ایک طالبہ کو رقم دکھا کر ہراساں کرنے والے شخص کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔



Leave A Comment