لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت کی حقیقی کامیابی کے لیے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی بلاامتیاز عملداری بنیادی شرائط ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ عالمی یومِ جمہوریت منانے کا بنیادی مقصد جمہوری اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ جمہوریت محض ایک سیاسی نظام کا نام نہیں بلکہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں عوام کے فعال اور مسلسل کردار کا ایک جاری عمل ہے، جس کا حتمی مقصد ایک متوازن اور فلاحی معاشرے کا قیام ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے احتساب کو جمہوریت کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کرپٹ عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور صوبے بھر میں کرپشن کے سدباب کے لیے منظم مہم جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی جمہوریت کی اصل روح ہے، جبکہ جمہوری روایات کے فروغ اور استحکام کے لیے سول سوسائٹی اور ریاستی اداروں کا فعال کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی برداشت، مفاہمت اور پارلیمانی روایات کا تسلسل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر ملک سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کی منزل حاصل کرسکتا ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار