مودی حکومت پر شدید تنقید، مشعال ملک کا کشمیریوں پر مظالم کا الزام
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کشمیری نوجوانوں پر ظلم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگ رہی ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
مشعال ملک نے “سیو یاسین ملک” مہم میں تعاون کرنے پر تاجروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یاسین ملک کی جان بچانے اور کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لیے عوامی تحریک ناگزیر ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت کشمیری حریت رہنماؤں کو جعلی مقدمات میں پھنسا کر انہیں نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے اسلام آباد تک عوامی رابطہ مہم جاری رکھی جائے گی۔
مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کو وکیل، خاندان اور طبی سہولیات تک رسائی نہیں دی جا رہی جبکہ ان کی صحت بھی تشویشناک ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والی سماعت کے دوران بھارت سخت اقدامات کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے اور عالمی برادری کو اس پر توجہ دینا ہوگی۔
_2026_05_24_06_22_18_31314510.jpg)


Leave A Comment