سوئٹزرلینڈ مذاکرات: شہدا کی قربانیاں ہماری رہنما ہیں، عوام کے سامنے سرخرو رہنے کی کوشش کریں گے، محمد باقر قالیباف
تہران/جنیوا: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ میناب کے مظلوم بچوں اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ہماری قومی جدوجہد اور سفارتی اقدامات کے گواہ ہیں، جن کی قربانیاں ہمیں اپنے فرائض پوری ذمہ داری اور سنجیدگی سے انجام دینے کی یاد دلاتی ہیں۔
سوئٹزرلینڈ پہنچنے کے بعد سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ وہ اہم بین الاقوامی مذاکرات میں شرکت کے لیے قومی مفادات کے تحفظ اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کے عزم کے ساتھ آئے ہیں۔ انہوں نے ایرانی وفد کو لے جانے والے طیارے کے قریب بنائی گئی تصویر بھی شیئر کی اور کہا کہ میناب کے معصوم بچے اور ایران کے تمام شہدا ہماری حرکات و سکنات، فیصلوں اور طرزِ عمل کو دیکھ رہے ہیں اور ہم سے بلند توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکراتی عمل کے دوران ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو شہدا کی قربانیوں اور ایرانی عوام کے اعتماد کے مطابق ہوں، تاکہ انہیں اپنے عوام اور شہدا کے سامنے شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ قالیباف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی وقار، خودمختاری اور عوامی مفادات کے تحفظ کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا۔
محمد باقر قالیباف کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب سوئٹزرلینڈ میں اہم سفارتی مذاکرات کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ مذاکرات خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال، ایران سے متعلق بین الاقوامی امور اور علاقائی استحکام کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں، جن کے نتائج پر عالمی برادری کی گہری نظر مرکوز ہے۔



Leave A Comment