ملتان: پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ایک زخمی گرفتار، دو فرار
ملتان: نواب پور روڈ پر رات گئے پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق گلگشت پولیس کی موبائل ٹیم اے ایس آئی مزمل گل کی قیادت میں بستی نو قبرستان کے قریب ناکہ بندی پر موجود تھی کہ تین مشکوک افراد موٹر سائیکل پر سوار وہاں سے گزرے۔
پولیس کے رکنے کے اشارے پر ملزمان نے اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے بھی حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں موقع پر گر پڑا، جس کی شناخت محمد عدنان ولد مرزا طاہر، قوم مغل، سکنہ دیوان کا باغ، گلی نمبر 3، نواب پور روڈ، ملتان کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا، جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔
زخمی ملزم کو ریسکیو 1122 کی مدد سے نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کا ڈکیتی اور قتل (302، 392) جیسے سنگین مقدمات میں سابقہ ریکارڈ موجود ہے۔
پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق "قانون شکن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔



Leave A Comment