ملتان: پولیس ناکہ پر فائرنگ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار
تھانہ مظفر آباد کے ایس آئی اور ہمراہ ملازمان نے مونی شاہ والی پلی، نزد ڈیرہ ناظم شاہ کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس دوران بلا نمبری موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک افراد شیر شاہ روڈ کی جانب سے آئے۔ پولیس نے ٹارچ کی مدد سے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر موٹر سائیکل موڑ لی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس نے تعاقب کیا تو موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے قدرتی اوٹ کا سہارا لیتے ہوئے اور اپنی حفاظت کے پیش نظر اکا دکا ہوائی فائر کیے، جس سے ملزمان بوکھلا گئے۔ اس دوران پیچھے بیٹھا ہوا شخص توازن برقرار نہ رکھ سکا اور سڑک پر گر گیا جبکہ موٹر سائیکل ڈرائیور فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
نیچے گرنے والے شخص کو پولیس نے زخمی حالت میں قابو کر لیا، جس کی دائیں ٹانگ کی پنڈلی پر گولی لگی تھی۔ زخمی ملزم نے اپنا نام محمد بلال ولد عابد حسین قوم تھہیم، سکنہ پیر کالونی نمبر 3 ملتان بتایا۔ ملزم کے قریب پڑے 30 بور پستول کو قبضے میں لیا گیا، جسے ان لوڈ کرنے پر اس میں سے دو زندہ راؤنڈ برآمد ہوئے۔
زخمی ملزم کو ریسکیو 1122 کے ذریعے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم بلال سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرم ہے جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور حسبِ ضابطہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔



Leave A Comment