ملتان: محافظ بھی غیر محفوظ؛ ڈکیتوں نے ڈیوٹی پر جاتے ہوئے پولیس اہلکار کو لوٹ لیا،
ملتان: شہرِ اولیاء میں اسٹریٹ کرائم کی لہر تھم نہ سکی، جہاں مسلح ڈاکوؤں نے پولیس لائن میں تعینات نائب محرر محمد آصف کو نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق، اہلکار محمد آصف اپنی ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ سہو بنگلہ کے قریب دو نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں اسلحے کے زور پر روک لیا۔
ڈاکوؤں نے محمد آصف سے نقدی اور دیگر قیمتی اشیا چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر بے دریغ فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گولی اہلکار کی پنڈلی میں لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ واردات کے بعد ملزمان دنیا پور روڈ کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
زخمی اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وردی پر ہاتھ ڈالنے والے عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔



Leave A Comment